کورونا کی دوسری لہر ، گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 40 اموات

گذشتہ چوبیس گھنٹوں میں ملک بھر میں 3306 نئے کیسز رجسٹرڈ ہوئے

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعرات 26 نومبر 2020 10:41

کورونا کی دوسری لہر ، گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 40 اموات
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 26 نومبر 2020ء) : ملک بھر میں کورونا شدت سے پھیل رہا ہے ، کورونا کی دوسری لہر میں تیزی سے اموات میں اضافہ ہو رہا ہے۔ تفصیلات کے مطابق گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کورونا سے 40 اموات ہوئیں جبکہ 3309 نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔ جس کے بعد کورونا سے ہونے والی اموات کی تعداد 7 ہزار 843 ہوگئی۔ پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 3 لاکھ 86 ہزار 198 ہوگئی۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 3 ہزار 306 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں ایک لاکھ 16 ہزار 506، سندھ میں ایک لاکھ 67 ہزار 381، خیبر پختونخوا میں 45 ہزار 828، بلوچستان میں 16 ہزار 942، گلگت بلتستان میں 4 ہزار 583، اسلام آباد میں 28 ہزار 555 جبکہ آزاد کشمیر میں 6 ہزار 403 کیسز رپورٹ ہوئے۔

(جاری ہے)

ملک بھر میں اب تک 53 لاکھ 43 ہزار 702 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 45 ہزار 999 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 3 لاکھ 34 ہزار 392 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ ایک ہزار 968 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔

گذشتہ روز اپنے ایک بیان میں کورونا ٹاسک فورس کے سربراہ ڈاکٹر عطاء الرحمان کا کہنا تھا کہ آئندہ پانچ سے چھ ماہ میں کورونا کی ویکسین آ جائے گی۔ جب تک کورونا کی ویکسین نہیں آتی ، ہم سب کو احتیاط کرنا ہو گی اس کے علاوہ اور کوئی راستہ نہیں ہے۔ ڈاکٹر عطاء الرحمان نے کہا کہ کورونا کی جینز میں تبدیلی آ رہی ہے جو پریشان کُن ہے۔ کورونا کی دوائی آنے میں تو کئی سال لگیں گے لیکن ویکسین سے متعلق اُمید کی جا رہی ہے کہ پانچ، چھ ماہ تک آ جائے گی۔ کورونا کی بگڑتی ہوئی صورتحال کے پیش نظر حکومت نے عوام کو ماسک پہننے اور ایس او پیز پر عملدرآمد کرنے کی ہدایات بھی کیں۔