آصفہ بھٹو زرداری پی ڈی ایم کے ملتان جلسے سے خطاب کریں گی، یوسف رضا گیلانی

حکومت جلسہ روک کر حالات خراب کررہی ہے، جلسہ ہر صورت ہوگا، سابق وزیراعظم کی میڈیا سے گفتگو

جمعہ 27 نومبر 2020 18:01

آصفہ بھٹو زرداری پی ڈی ایم کے ملتان جلسے سے خطاب کریں گی، یوسف رضا ..
ملتان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 نومبر2020ء) سابق وزیراعظم اور پاکستان پیپلز پارٹی کے وائس چیئرمین سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ آصفہ بھٹو زرداری پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے ملتان میں ہونے والے جلسے سے خطاب کریں گی، حکومت جلسہ روک کر حالات خراب کررہی ہے، جلسہ ہر صورت ہوگا۔ بینظیر بھٹو ، آصف زرداری کی بیٹی اوربلاول کی بہن آصفہ بھٹو کا پی ڈی ایم کے پلیٹ فارم سے یہ پہلا خطاب ہوگا ،وہ 30 نومبر کو اپنے بھائی کی نمائندگی کریں گی۔

(جاری ہے)

پی ڈیم ایم کا اگلا جلسہ 30 نومبر کو ملتان میں ہوگا اور اسی روز پیپلز پارٹی کا یوم تاسیس بھی ہے۔پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کورونا میں مبتلا ہونے کی وجہ سے یوم تاسیس کے موقع پر ہونے والے اس جلسے میں شرکت نہیں کریں گے تاہم انہوں نے ویڈیو لنک کے ذریعے جلسے سے خطاب کا اعلان کیا ہے۔سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 30 نومبر کو پیپلز پارٹی کا یوم تاسیس ہے، اس روز آصفہ بھٹو زرداری بھی ملتان آئیں گی اور پی ڈی ایم کے ملتان جلسے سے خطاب کریں گی۔انہوں نے کہا کہ حکومت جلسہ روک کر حالات خراب کررہی ہے، 30نومبرکوجلسہ ہرصورت ہوگا اور آصف علی زرداری بھی وڈیو لنک پر جلسے سے خطاب کریں گے۔