جنوبی پنجاب کی محرومیاں دور کرنا اور عوامی مسائل کا حل ہماری سیاست کا مقصد ہے‘ چودھری پرویزالٰہی

پرویزالٰہی اور طارق بشیر چیمہ سے سابق ن لیگی ایم پی اے فرح منظور کی ملاقات، ساتھیوں سمیت پاکستان مسلم لیگ میں شمولیت کا اعلان

ہفتہ 28 نومبر 2020 19:29

جنوبی پنجاب کی محرومیاں دور کرنا اور عوامی مسائل کا حل ہماری سیاست ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 نومبر2020ء) سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی اور وفاقی وزیر طارق بشیر چیمہ سے جنوبی پنجاب سے تعلق رکھنے والی معروف سیاسی شخصیات اور وہاڑی سے ن لیگ کی سابق ایم پی اے فرح منظور بلوچ رند نے ساتھیوں سمیت ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی اور پاکستان مسلم لیگ میں شمولیت کا اعلان کیا۔ اس موقع پر پیر ہارون شاہ کھگہ، پیر سلمان شاہ کھگہ، غضنفر الیاس بندیشہ، امجد خان، چودھری تنویر سندھو، ابوبکر سندھو اور مجاہد زاہد بھی موجود تھے۔

چودھری پرویزالٰہی نے پارٹی میں شامل ہونے والوں کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ عوام کی خدمت کرنا اور ان کے مسائل ان کی دہلیز پر حل کرنا ہی ہمارا مشن ہے، جنوبی پنجاب کی محرومیاں دور کرنے کیلئے ہمارے دور میں خصوصی پیکیج دئیے گئے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب میں پارٹی کو فعال بنانے کیلئے تنظیم سازی کا عمل جاری ہے اور اس کیلئے عوامی خدمت کا جذبہ رکھنے والے کارکنوں کو آگے لایا جائے گا۔ سابق ایم پی اے فرح منظور نے کہا کہ چودھری صاحبان کی قائدانہ صلاحیتوں سے متاثر ہو کر پاکستان مسلم لیگ میں شامل ہوئے ہیں، نوازشریف کا بیانیہ فوج اور ملک کے خلاف ہے، ہم محب وطن لوگ ہیں اسی لیے ملک توڑنے والوں کو چھوڑ کر ملک کو جوڑنے والوں کے قافلے میں شامل ہوگئے ہیں۔