ہزاروں مظاہرین نے اسرائیلی وزیراعظم کے گھر کا گھیراﺅ کر لیا

وزیراعظم نیتن یاہو مستعفی ہو کے نعرے بلند ہو گئے،یروشلم میں مظاہرین مشتعل ہو چکے

Sajjad Qadir سجاد قادر اتوار 29 نومبر 2020 06:40

ہزاروں مظاہرین نے اسرائیلی وزیراعظم کے گھر کا گھیراﺅ کر لیا
یروشلم (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 29 نومبر2020ء) ہزاروں کی تعداد میں مظاہرین یروشلم میں واقع اسرائیلی پرائم منسٹر نیتن یاہو کے گھر کے باہر اکٹھے ہو چکے ہیں اور وزیراعظم سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کررہے ہیں۔ مظاہرین مہینے بھر سے اسرائیل کے طول و بلد میں احتجاج کر رہے تھے جو بالآخر نیتن کے گھر کے باہر اکٹھے ہوگئے۔مظاہرین کا کہنا ہے کہ نیتن یاہو پر کرپشن کے کیسز ہیں اور اس کے علاوہ اسرائیل میں پھیلنے والے کورونا وائرس پر بھی یہ قابو نہیں پاسکا جس میں کئی لوگوں کی جان چلی گئی ہے۔

لہٰذا بدترین حکومت کرنے کی وجہ سے اسے مستعفی ہو جانا چاہیے۔کورونا وائرس کی اس وبا کے دوران دو مرتبہ ملک میں سخت قسم کا لاک ڈاﺅن لگایا گیا جس وجہ سے کاروبار تباہ ہو کر رہ گئے اور عوام کی معاشی حالت دگرگوں ہو گئی ،ہزاروں لاکھوں لوگ بیروزگار ہو گئے اور ان کے متبادل کے لیے کوئی بندوبست نہیں کیا گیا۔

(جاری ہے)

مظاہرین نے اسرائیل اور پنک کلر کے جھنڈے اٹھا رکھے ہیں جو کہ احتجاجی تحریکوں کی نشانی رہی ہے۔

مظاہرین کا یہ بھی کہنا ہے کہ جرمنی سے جو آبدوزیں خریدی گئی ہیں اس میں بھی نیتن یاہو نے کمیشن لیا ہے اور مہنگے داموں خریدی گئی ہیں۔اگرچہ اس کیس میں نیتن یاہو کا براہ راست نام نہیں ہے مگر لوگوں کا ماننا ہے کہ اس کے فرنٹ مین اس سودے میں شامل تھے۔ہزاروںکی تعداد میں اسرائیلی عوام نیتن یاہ کے خلاف سڑکوں پر آ چکے ہیں دیکھنا یہ ہے کہ یہ مظاہرین وزیراعظم سے استعفا لینے میں کامیاب ہو پاتے ہیں یا نہیں۔

یاد رہے کہ اسرائیل نے معصوم فلسطینیوں کی زمین پر ناجائز قبضہ کر رکھا ہے اور وہاں کے معصوم لوگوں کا قتل اور آبروریزی جیسے سنگین جرائم میں بھی ملوث ہے۔یروشلم کی پاکیزہ سرزمین کی طرف بھی اب یہ اپنے ناپاک قدم بڑھاتا جا رہا ہے جس کے خلاف فلسطینیوں نے صدائے احتجاج بلند کررکھی ہے۔