بھتیجے نے جائیداد کے تنازعہ پر چچا پر فائرنگ کر دی ،دو دکاندار جاں بحق ،چچا زخمی

فائرنگ کے بعد ملزم موقع سے فرار ہو گیا ، پولیس نے شواہد اکٹھے کرنے کے بعد قانونی کارروائی شروع کر دی

بدھ 2 دسمبر 2020 15:12

بھتیجے نے جائیداد کے تنازعہ پر چچا پر فائرنگ کر دی ،دو دکاندار جاں بحق ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 دسمبر2020ء) مغلپورہ کے علاقے میں بھتیجے نے جائیداد کے تنازعہ پر چچا پر فائرنگ کر دی جس کی زد میں آکر دو دکاندار جاں بحق جبکہ چچا زخمی ہو گیا ، فائرنگ کے بعد ملزم موقع سے فرار ہو گیا ، پولیس نے شواہد اکٹھے کرنے کے بعد قانونی کارروائی شروع کر دی ۔ بتایا گیا ہے کہ مغلپورہ کے علاقے میں فیاض عرف بائو جٹ کا اپنے چچا جاوید جٹ سے جائیداد کا تنازعہ چل رہا تھا۔

(جاری ہے)

گزشتہ روز جاوید جٹ برتنوں کی دکان پر بیٹھا ہوا تھا کہ اس کا بھتیجا فیاض عرف بائو جٹ وہاں پہنچ گیا اور اندھا دھند فائرنگ کر دی جس کی زد میں آکر اس کا چچا زخمی جبکہ دودکاندار افتخار اور الیاس جاں بحق ہو گئے ۔چچا زخمی حالت میں وہاں سے بھاگ نکلا جس کا اس کے بھتیجے نے پیھا بھی کیا لیکن وہ گھر میں داخل ہونے میں کامیاب ہوگیا۔ اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور زخمی کو فوری سروسز ہسپتال منتقل کیا گیا ۔

پولیس نے فرانزک ٹیموں کی مدد سے شواہد اکٹھے کرنے کے بعد لاشوں کو پوسٹمارٹم کیلئے مردہ خانے منتقل کردیا ۔ ایس پی سول لائنز صفدر رضا کاظمی کے مطابق ملزم کی گرفتاری کیلئے چھاپہ مار ٹیمیں تشکیل دیدی گئی ہیں او رملزم کو جلد قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔