اسلام آباد،کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کامظاہرہ

جمعہ 4 دسمبر 2020 15:45

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 دسمبر2020ء) کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموںوکشمیر شاخ نے بھارت کے غیر قانونی طورپر زیر قبضہ جموںوکشمیر میں بھارتی فوجیوں کی طرف سے جبر و استبداد کی بڑھتی ہوئی کارروائیوں کے خلاف اسلام آباد میں پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق حریت رہنمائوں نے مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی فوجیوںنے نہتے کشمیریوں کی زندگیاں اجیرن بنا رکھی ہیں ۔

انہوںنے کہا کہ قابض بھارتی فوجی روز بیگناہ کشمیریوں کی لاشیں گرا رہے ہیں اور قتل عام کا یہ سلسلہ تھمنے کا نام نہیں لے رہا۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی فوجی رات کے وقت گھروں پر چھاپوں کے دوران بلا لحاظ عمر و جنس مکینوں کو ہراساں کرتے ہیں ، انہیں تشدد کا نشانہ بناتے ہیں اور املاک کی توڑ پھوڑ کرتے ہیں ۔

(جاری ہے)

حریت رہنمائوں نے کہا کہ سرینگرکے علاقے ایچ ایم ٹی میں چند روز قبل رات کے وقت گھروں پر چھاپے کے دوران مکینوں کو گھروں سے باہر نکال کر سخت سردی میں گھنٹوں تشدد کا نشانہ بنایا جاتا رہا جس کی وجہ سے کئی افراد زخمی ہو گئے۔

انہوں نے نہتے کشمیریوں پر بڑھتے ہوئے بھارتی مظالم پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ بھارتی مظالم کا نوٹس لے اور کشمیریوں کو انکا پیدائشی حق ، حق خود ارادیت دلانے کیلئے کردار ادا کرے ۔ مظاہرے میں محمد فاروق رحمانی ، سید فیض نقشبندی ، محمود احمد ساغر ، سید یوسف نسیم ، اشفاق مجید میر، شمیم شال ، شیخ یعقوب،، عبدالمجید ملک ، شیخ عبدالمتین، اشتیا ق حمید، حاجی سلطان بٹ، حسن البناء، منظور الحق بٹ، غلام احمد ، سید مشتاق، زاہد صفی، مشتا ق بٹ، سید اعجاز رحمانی، محمد شفیع ڈار، زاہد اشرف، امتیاز وانی اور دیگر شریک تھے۔