Live Updates

مسلم لیگ ن کے سینئیر رہنما خواجہ آصف نے ٹویٹر پر پُرانی تصویر شئیر کر دی

ن لیگی ہو اور سچ بول جائے یہ کیسے ممکن ہے؟ پی ٹی آئی کے سوشل میڈیا اکاؤنٹ سے آئینہ دکھا دیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین بدھ 9 دسمبر 2020 16:55

مسلم لیگ ن کے سینئیر رہنما خواجہ آصف نے ٹویٹر پر پُرانی تصویر شئیر کر ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 09 دسمبر 2020ء) : مسلم لیگ ن کے سینئیر رہنما خواجہ آصف نے مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر پر مینار پاکستان کی پُرانی تصویر شئیر کر دی جس کے بعد پاکستان تحریک انصاف کے سوشل میڈیا اکاؤنٹ نے انہیں تنقید کا نشانہ بنا ڈالا۔ تفصیلات کے مطابق ٹویٹر پیغام میں خواجہ آصف نے مینار پاکستان کی تصویر شئیر کی جس میں مینار پاکستان اور اس کے آس پاس کے علاقہ کو زیر آب دیکھا جا سکتا ہے۔

اس تصویر پر تحریر تھا کہ انڈیا کے پانی چھوڑنے پر دریائے راوی بپھر گیا۔ سیلابی ریلہ لاہور شہر میں داخل ہو گیا ہے جس کے باعث مینار پاکستان اور قریبی آبادی زیر آب آ گئی ہے۔ لوگ اپنی مدد آپ کے تحت مال مویشیوں سمیت محفوظ مقامات پر منتقل ہو رہے ہیں۔ اس تصویر کو شئیر کرتے ہوئے خواجہ آصف نے طنزیہ لکھا ''بلا تبصرہ''۔

(جاری ہے)

تاہم پاکستان تحریک انصاف کے سوشل میڈیا اکاؤنٹ نے بغیر تصدیق تصویر شئیر کرنے پر مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ آصف کو تنقید کا نشانہ بنا ڈالا اور کہا کہ مینار پاکستان کا گراؤنڈ بھرنا انکے بس کی بات نہیں اسی لئے اس طرح کے جھوٹ پھیلا کر ہمدردیاں سمیٹنے کی بھونڈی کوششیں کر رہے ہیں خواجہ صاحب! یہ 2019ء کی تصویر ہے ۔

خیال رہے کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) نے حکومت کے خلاف احتجاجی تحریک کا سلسلہ جؤشروع کر رکھا ہے جس کے تحت 13 دسمبر کو لاہور میں جلسہ کرنے کا اعلان کیا جا چکا ہے۔ ایک روز قبل مینار پاکستان میں پانی کھولا گیا جس پر مسلم لیگ ن نے حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ یہ پانی اس لیے چھوڑا گیا ہے تاکہ پی ڈی ایم کا جلسہ متاثر ہو ، حکومت جلسوں سے گھبرا چکی ہے اور اوچھے ہتھکنڈے اپنا رہی ہے تاہم پاکستان تحریک انصاف پنجاب کے صدر اعجاز چوہدری نے اس بات کی تردید کی اور کہا کہ پانی ایک دو دن میں خشک ہو جائے گا۔ حکومت مطمئن ہے اور کسی قسم کے خوف کا شکار نہیں ہے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات