سیاسی شخصیات کیخلاف غیر اخلاقی ٹرینڈ چلانے والے ملزمان گرفتار

ایف آئی اے نے خواتین، سیاسی شخصیات کے خلاف غیراخلاقی ٹرینڈ بنانے والے عاصم خان اور فخر علی خان کو گرفتار کرلیا، ملزمان سے ڈیٹا برآمد

Shehryar Abbasi شہریار عباسی پیر 14 دسمبر 2020 19:05

سیاسی شخصیات  کیخلاف غیر اخلاقی ٹرینڈ چلانے والے ملزمان گرفتار
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین ۔ 14 دسمبر2020ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب کی درخواست پر کارروائی کرتے ہوئے ایف آئی اے نے سیاسی شخصیات کیخلاف غیر اخلاقی ٹرینڈز بنانے والے 2 ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے ایف آئی میں شکایت درج کروائی تھی کہ سوشل میڈیا پر خواتین اور سیاسی شخصیات کیخلاف غیر اخلاقی ٹرینڈز بنائے جا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

جس پر ایف آئی اے نے کارروائی کرتے ہوئے 2 ملزمان کو حراست میں لے لیا، دونوں ملزمان عاصم خان اور فخر علی خان، خواتین اور سیاسی شخصیات کے خلاف سوشل میڈیا پرغیراخلاقی ٹرینڈز بناتے تھے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ایف آئی اے نے گرفتار ملزمان سے ڈیٹا بھی برآمد کرلیا، ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ مذکورہ کارروائی ترجمان مسلم لیگ ن مریم اورنگزیب کی شکایت پر عمل میں لائی گئی ہے۔

ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ دونوں گرفتار ملزمان سے تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ چند دن قبل سوشل میڈیا پر سیاسی شخصیات و سیاسی خواتین کے متعلق سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹوئٹر پر غیر اخلاقی ٹرینڈز چلائے گئے تھے جس کے بعد مسلم لیگ (ن) کی رہنما نے ایف آئی اے میں اس عمل کیخلاف شکایت درج کروائی تھی۔