یوتھ گیدرنگ جیسی تقریبات کے انعقاد سے نوجوانوں کو زندگی کا حقیقی مقصد سمجھنے کا موقع ملے گا، محمد عبدالشکور، صدر الخدمت فاؤنڈیشن

الخدمت فاؤنڈیشن کی جانب سے نوجوانوں کے لئے کی جانے والی خدمات قابلِ تحسین ہیں، گورنر پنجاب الخدمت فاؤنڈیشن کے رضاکار پروگرام کے تحت چوتھی الخدمت ورچوئل یوتھ گیدرنگ کا الخدمت کمپلیکس میں انعقاد

جمعہ 18 دسمبر 2020 17:30

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 دسمبر2020ء) ا لخدمت فاؤنڈیشن کے رضا کار پروگرام کے تحت نوجوانوں میںرضاکارانہ خدمات کے جذبے کے فروغ کے لئے’’ چوتھی الخدمت ورچوئل یوتھ گیدرنگ ‘‘کا انعقاد کیا گیا۔الخدمت کمپلیکس میں منعقدہ تقریب کے مہمان خصوصی گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور تھے۔اس کے علاوہ صدر الخدمت فائونڈیشن محمد عبدالشکور ، نائب صدرڈاکٹر محمد مشتاق مانگٹ ، سیکرٹری جنرل شاہد اقبال،چیئرمین الخدمت ہیلتھ فاؤنڈیشن ڈاکٹر حفیظ الرحمٰن،سینیٹر سراج الحق،صدر الخدمت وومن ونگ ٹرسٹ نویدہ انیس، چیف انوویٹو آفیسر زلمی فاؤنڈیشن ڈاکٹر سڈرک ایمل، فاؤنڈر خودی وینچرڈاکٹر عمر سیف، سی ای او ملین سمائلز فاؤنڈیشن ذیشان افضل اور یوتھ سوسائیٹیز سمیت مختلف شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے افرادکی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

چوتھی الخدمت یوتھ گیدرنگ کا سلوگن ’’اعترافِ خدمت‘‘ تھا جو کہ مختلف سیشنز پر مشتمل تھی جس میں کورونا کے اعلیٰ تعلیم پر اثرات، ٹیکنالوجی ٹرینڈ اینڈ وولنٹیرازم، ڈیجیٹل ٹولز اینڈ وولنٹیرازم اور ریسپی آف سکسیس کے عنوانات کے تحت لیکچرز اور پینل ڈسکشنز کا اہتمام کیا گیا۔ورچوئل یوتھ گیدرنگ کو ہزاروں افرادنے سوشل میڈیا پر براہ راست دیکھا۔

تقریب سے خطاب میں گورنر پنجاب نے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن کی جانب سے نوجوانوں کے لئے کی جانے والی خدمات قابلِ تحسین ہیں۔ الخدمت فائونڈیشن نے نوجوانوں کو رضاکارانہ خدمات کے جذنے کے فروغ اور انکی انجام دہی کے لیے ایک بہترین پلیٹ فارم مہیا کیا ہے۔ محمد عبدالشکور نے کہا کہ نوجوان ہمارا مستقبل اور ہماری اُمید ہیں،نوجوانوں کو چاہیئے کہ زندگی کو بامقصد بنائیں، دوسروں کے لئے جینا ہی اصل جینا ہے۔

یوتھ گیدرنگ جیسی تقریبات کے انعقاد سے نوجوانوں کو اپنی زندگی کا حقیقی مقصد سمجھنے کا موقع ملے گا۔ڈاکٹر محمد مشتاق مانگٹ نے کہا کہ یوتھ گیدرنگ کے انعقاد کا مقصد نوجوانوں میں وولنٹیرازم کے جذبے کا ابھارنا ہے تاکہ وہ انسانیت کی خدمت کو اپنی زندگی کا مقصد بنائیں۔یوتھ گیدرنگ سے دیگر مقررین نے بھی شرکاء سے خطاب کیا ۔ہر سال کی طرح اس یوتھ گیدرنگ میں فاؤنڈر الخدمت وومن ونگ ٹرسٹ ناصرہ الیاس کو خواتین میں خدمت خلق کے کام کو منظم کرنے جبکہ فاؤنڈر ریڈ فاؤنڈیشن محمود احمدکوتعلیمی میدان میں بے پایاںخدمات کے اعتراف میں نعمت اللہ خان لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ سے نوازا گیا۔

اس موقع پرنعمان شاہ اور اسد قریشی نے ملی نغمہ دِل دِل پاکستان بھی پیش کیا۔پروگرام کے اختتام پر کورونا وبا کے دوران خدمات سرانجام دینے والے الخدمت رضاکاروں اور مختلف یوتھ سوسائیٹیزکے نمائندوں کو شیلڈز پیش کی گئیں۔