اسلام آباد میں جرمن شہری کے قتل کا ڈراپ سین

اسلام قبول کر کے پاکستانی لڑکی سے شادی کرنے والے جرمن شہری کے قاتل کو گرفتار کر لیا گیا

اتوار 3 جنوری 2021 00:29

اسلام آباد میں جرمن شہری کے قتل کا ڈراپ سین
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 02 جنوری2021ء) اسلام آباد میں جرمن شہری کے قتل کا ڈراپ سین، اسلام قبول کر کے پاکستانی لڑکی سے شادی کرنے والے جرمن شہری کے قاتل کو گرفتار کر لیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق کوہاٹ پولیس نے جرمن شہری کے قتل میں ملوث مرکزی ملزم نصر الدین کو مشترکہ کاروائی کے دوران حراست میں لے لیا جبکہ مقامی پولیس نے ملزم کے قبضہ سے واردات میں استعمال ہونے والی گاڑی بھی برآمد کرلی۔

پولیس ذرائع کے مطابق ملزم کو ٹیکنیکل ذرائع اور گرانڈ انٹیلی جنس کی مدد سے کھوج لگا کر حراست میں لیا گیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق ہفتہ کی شام ملزم کو تھانہ محمد ریاض شہید کوہاٹ کے ایس ایچ او اور پولیس نفری نے اسلام آباد پولیس کیساتھ مشترکہ آپریشن کے دوران حراست میں لیا۔

(جاری ہے)

ملزم سے واردات میں استعمال ہونے والی گاڑی بھی برآمد کر لی گئی ہے۔

پولیس کے مطابق ملزم سابقہ ریکارڈ یافتہ ہے اور پہلے بھی جیل کاٹ چکا ہے۔ واضح رہے کہ جرمن باشندہ کو چند روز قبل 29 دسمبر کو اسلام آباد میں ایک واردات کے دوران قتل کیاگیا تھا جس کا مقدمہ تھانہ رمنا اسلام آباد میں ابتدائی طور پر نامعلوم ملزمان کے خلاف درج کر لیا گیا تھا۔ پولیس ذرائع نے بتایا کہ ملزم کے شریک جرم ساتھی کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ جبکہ مقتول کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ وہ گزشتہ کئی برسوں سے پاکستان میں مقیم تھا۔ مقتول نے کئی برس قبل اسلام قبول کر کے ایک پاکستانی لڑکی سے شادی کی تھی۔