مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے میں قاضی حسین احمد کا کردار ہمیشہ یاد رکھا جائے گا ‘محمد جاوید

حکومت پاکستان مسئلہ کشمیر کو پوری قوت کے ساتھ بیرونی دنیا کے سامنے اٹھائے ‘امیر جماعت اسلامی وسطی پنجاب

بدھ 6 جنوری 2021 15:01

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 جنوری2021ء) امیرجماعت اسلامی صوبہ وسطی پنجاب و صدر ملی یکجہتی کونسل پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ کشمیریوں کو حق خود ارادیت دیئے بغیر خطے میں امن و امان بہتر نہیں ہوسکتا، 1949ء سے کشمیری حق خود ارادیت کے لیے جدوجہد کررہے ہیں،عالمی برادری اور اقوام متحدہ کو اس حوالے سے بے حسی چھوڑ کر نہتے کشمیریوں کی آواز سننی ہوگی،مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے میں قاضی حسین احمد کا کردار ہمیشہ یاد رکھا جائے گا ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مختلف تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے کشمیر میں ظلم و بربریت کی انتہا کردی ہے۔ 5جنوری 1949ء میں اقوام متحدہ نے کشمیریوں کو حقوق دینے کی قرار داد کو پاس کیا تھا۔

(جاری ہے)

آج 71برس گزر جانے کے باوجود اس قرار داد پر عمل درآمد نہیں ہوسکا، جو کہ اس بات کا ثبوت ہے کہ ہندوستان کو کسی کی بھی کوئی پرواہ نہیں۔

انہوں نے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے۔ اس سے دستبردار ہونے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ ہندوستان نے اپنی آٹھ لاکھ فوج کے ذریعے مقبوضہ کشمیر پر غاصبانہ قبضہ کررکھا ہے۔ 80لاکھ کشمیری اس غیر قانونی ، غیر آئینی اور غیر اخلاقی قبضے کے خلاف احتجاج کررہے ہیں۔ ان کی لازوال قربانیاں ضرور رنگ لائیںگئی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان کا اس حوالے سے رویہ انتہائی مایوس کن رہا ہے۔

بھارت نے پانچ سو سے زائد دن گزرجانے کے باوجود، کشمیر سے کرفیو کو ختم نہیں کیا۔ جبکہ عالمی برادری ، اقوام متحدہ اور انسانیت کی علمبردار تنظیمیں خواب خرگوش میں مصروف ہیں۔ محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ کشمیر کی جدوجہد آزادی کے لے بھارت کے گھٹیا اور گھنائونے چہرے کو سب کے سامنے لایا جائے۔ عالمی میڈیا ہندوستان کے اس ظلم وستم کے خلاف بھر پور طریقے سے آواز اٹھارہا ہے۔