لاہور،مچھ واقعہ پر وزیراعظم نے ضد ، انا ، ہٹ دھرمی سے پوری قوم کے دل چھلنی کرد یئے ،لیاقت بلوچ

ہفتہ 9 جنوری 2021 22:40

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 09 جنوری2021ء) نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان اور ملی یکجہتی کونسل کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے کہاہے کہ کوئٹہ ہزارہ کمیونٹی کے بے گناہ محنت کش انسانوں کی ٹارگٹ کلنگ ، قتل اور وحشت کی لرزہ خیر واردات پر وزیراعظم عمران خان نے ضد ، انا ، ہٹ دھرمی سے پوری قوم کے دل چھلنی کردیے ۔ شہدا کے لواحقین کے زخموں پر گہری ضرب لگا دی ہے ۔

ریاست کی ذمہ داری عوام کی جان و مال اور عزت کی حفاظت ہے ۔ عمران سرکاری ہر محاذ پر ناکام ہے ۔ ملی یکجہتی کونسل کا خصوصی تعزیتی اجلاس پیر کو اڑھائی بجے اسلام آباد میں طلب کرلیا گیاہے ۔لیاقت بلوچ نے کہاکہ سوشل میڈیا پر توہین رسالتؐ کے مرتکب مجرموں کو کڑی سزا وقت کا تقاضا ہے ۔ پاکستان اسلامی ، نظریاتی ملک ہے ۔

(جاری ہے)

شعائر اسلام ، عقیدہ ختم نبوت ، انبیائے کرام ؑکی عصمت اور رسول اللہ ؐ کی عظمت کی حفاظت حکومت کی ذمہ داری ہے ، ایسے عناصر کی بیخ کنی حکومت کی آئینی ذمہ داری ہے ۔

مغربی ممالک کے طرز پر اظہار رائے کا طرز عمل پاکستان میں نہیں چل سکتا ۔ قرآن و سنت کے نظام ، اسلام کی حکمرانی کے لیے آئین پاکستان کو ہر محاذ پر بالادست کرنا قیام پاکستان کے مقاصد کا تقاضا ہے ۔لیاقت بلوچ نے کہاکہ نئے سال کے آغاز کے ساتھ مہنگائی ، بے روزگاری مسلسل بڑھتی جارہی ہے ۔ وزیراعظم معیشت کی بہتری کے جھوٹے اعلانات کر رہے ہیں ۔ گھی ،چینی ، گیس ، دال ، گندم کی قیمتیں بڑھتی جارہی ہیں ۔ ایل پی جی گھریلو استعمال کے سلنڈرکی قیمت میں بھی ہوشربا اضافہ ہواہے ۔ مہنگائی، بے روزگاری کا بوجھ حکومتی اقتدار کا دم نکال دے گا ۔