امریکہ کی فوجی قیادت کا اہلکاروں کو سیاسی ہنگاموں سے متعلق انتباہ

امریکی فوج کے سروس ممبرز کو بھجوائے گئے میمو میں امریکی مسلح افواج کے تمام سربراہان کے دستخط موجود

بدھ 13 جنوری 2021 16:30

امریکہ کی فوجی قیادت کا اہلکاروں کو سیاسی ہنگاموں سے متعلق انتباہ
واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 جنوری2021ء) نو منتخب امریکی صدر کی 20 جنوری کو حلف برداری کی تقریب کے دوران دوبارہ ہنگامہ آرائی کے خدشات کے پیشِ نظر امریکی فوجی قیادت نے فوجی اہلکاروں اور سروس ممبرز کو تحریری میمو جاری کیا ہے۔تحریری میمو میں واضح کیا گیا ہے کہ فوج آئینی اور جمہوری عمل میں کسی صورت مداخلت نہیں کرے گی۔

میڈیارپورٹس کے مطابق فوجی قیادت کا کہناتھا کہ چھ جنوری کو کیپٹل ہل میں جو کچھ ہوا وہ غیر جمہوری اور مجرمانہ فعل تھا۔ آزادی اظہار کسی کو تشدد کی اجازت نہیں دیتا۔امریکی فوج کے سروس ممبرز کو بھجوائے گئے اس میمو میں امریکی مسلح افواج کے تمام سربراہان کے دستخط موجود ہیں۔میمو میں کہا گیا کہ جو بائیڈن نو منتخب امریکی صدر ہیں اور وہ 20 جنوری کو صدارت کا حلف اٹھا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

کانگریس کی عمارت پر چھ جنوری کو ہونے والے حملے کے بعد دارالحکومت واشنگٹن ڈی سی میں سیکیورٹی بڑھا دی گئی ہے۔اس میمو کو اس یادہانی کے طور پر دیکھا جا رہا ہے جس میں فوج پر واضح کیا گیا ہے کہ آئینی عمل میں کسی طور مداخلت نہیں کی جائے گی۔میمو میں کہا گیا ہے کہ ہم نے چھ جنوری کو کیپٹل ہل میں وہ مناظر دیکھے جو قانون کی حکمرانی کے منافی تھے۔ آزادی اظہار اور لوگوں کے جمع ہونے کا مطلب یہ نہیں کہ تشدد اور بغاوت پر اکسایا جائے۔میمو میں کہا گیا ہے کہ بطور سروس ممبر ہمیں قومی اقدار، نظریات اور اپنے ملک کے آئین کی حمایت اور دفاع کرنا ہے۔

متعلقہ عنوان :