بلدیہ عظمیٰ کراچی اور ضلعی بلدیات میں ایڈمنسٹریٹرز کی تعیناتی کے بعد بہت زیادہ بہتری آئی ہے، سید نا صر حسین شاہ

چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کراچی کی ترقی کے لئے خصوصی ہدایات دی ہیں،وزیر بلدیا ت سندھ

بدھ 13 جنوری 2021 19:05

بلدیہ عظمیٰ کراچی اور ضلعی بلدیات میں ایڈمنسٹریٹرز کی تعیناتی کے بعد ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 جنوری2021ء) صوبائی وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی اور ضلعی بلدیات میں ایڈمنسٹریٹرز کی تعیناتی کے بعد بہت زیادہ بہتری آئی ہے، شہر میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کو ترجیح دی جائے، کے ایم سی کے اتنے اثاثے ہیں اگر نظام کو بہتر بنایا جائے تو کسی گرانٹ کی ضرورت نہیں ہوگی، فنڈز کی ضرورت ہوئی تو وزیر اعلیٰ سندھ سے درخواست کریں گے،ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کے روز بلدیہ عظمیٰ کراچی کے صدر دفتر میں کے ایم سی کے ترقیاتی کاموں سے متعلق ایک اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر سیکریٹری لوکل گورنمنٹ نجم شاہ، ایڈمنسٹریٹر کراچی لئیق احمد، ڈپٹی کمشنر جنوبی ارشاد علی سوڈھر، سینئر ڈائریکٹر میونسپل سروسز مسعود عالم، مشیر مالیات بلدیہ عظمیٰ کراچی آفاق سعید، اسپیشل سیکریٹری لوکل گورنمنٹ نجیب احمد، ڈائریکٹر جنرل ورکس اینڈ سروسز شبیہہ الحسن زیدی، وزیربلدیات سندھ کے فوکل پرسن برائے کے ایم سی کرم اللہ وقاصی و دیگر افراد بھی موجود تھے، صوبائی وزیر بلدیات نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کراچی کی ترقی کے لئے خصوصی ہدایات دی ہیں،انہوں نے کہا کہ کراچی میں جاری ترقیاتی کاموں کی اسکروٹنی کی جائے جو کام شہر کے لئے اہم ہیں وہ پہلے مکمل کئے جائیں، انہوں نے ایڈمنسٹریٹر کراچی لئیق احمد کو ہدایت کی کہ کے ایم سی کے اثاثے اونے پونے داموں پر دیئے گئے اس کی اسکروٹنی کے عمل کو تیز کیا جائے اور چارجڈ پارکنگ کے نظام کو شفاف بنایا جائے تاکہ کے ایم سی کے ریونیو میں اضافہ ہو،صوبائی وزیر بلدیات نے کہا کہ ایڈورٹائزمنٹ کے بائے لاز مرتب کئے جائیں دیگر بڑے شہروں میں اشتہارات کی اجازت ہے،ایڈورٹائزمنٹ سے کے ایم سی کے ریونیو میں بڑا اضافہ ہو سکتا ہے،انہوں نے سیکریٹری بلدیات کو ہدایت کی کہ محکمہ بلدیات کے تحت مکمل کئے گئے منصوبے کے ایم سی کے سپرد کئے جائیں اور ڈرگ روڈ انڈر پاس، مہران انڈر پاس و دیگر مکمل منصوبوں کا کنٹرول کے ایم سی کے حوالے کیا جائے، اجلاس کے دوران بلدیہ عظمیٰ کراچی کے تحت شہر میں ہونے والے انفراسٹرکچر کی بہتری سمیت دیگر کاموں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور مستقبل کے حوالے سے حکمت عملی طے کی گئی، کے ایم سی کی مالیاتی صورتحال اور فنڈز کی دستیابی پر بھی بات کی گئی، صوبائی وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ نے اس سلسلے میں تمام امور کا جائزہ لینے کے ساتھ اہم ہدایات جاری کیں، انہوں نے امید ظاہر کی کہ شہریوں کو بلدیاتی سہولیات کی فراہمی کے عمل میں بہتری آئے گی اور مختلف علاقوں میں درپیش مسائل حل ہوں گے، انہوں نے ہدایت کی کہ شہریوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر دیکھے جائیں اور ان کے جلد از جلد حل کو یقینی بنایا جانا چاہئے، انہوں نے کہا کہ دستیاب وسائل کے بہتر استعمال اور درست حکمت عملی سے مالی مسائل حل کئے جاسکتے ہیں اور ادارے کو استحکام اور ترقی کی راہ پر گامزن کیا جاسکتا ہے۔