برطانوی پارلیمان میں مسئلہ کشمیر پر جاندار بحث کا خیر مقدم کرتے ہیں‘صدر ریاست

جموں وکشمیر کے عوام کے حقوق پر آواز بلند کرنے پر برطانیہ کی تمام سیاسی جماعتوں کے شکر گزار ہیں، سردار مسعود خان

جمعہ 15 جنوری 2021 16:04

برطانوی پارلیمان میں مسئلہ کشمیر پر جاندار بحث کا خیر مقدم کرتے ہیں‘صدر ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 جنوری2021ء) آزاد جموں وکشمیر کے صدر سردار مسعود خان نے برطانوی پارلیمنٹ میں مسئلہ کشمیر پر بحث کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کی تمام تر مکارانہ چالوں کے باوجود مسئلہ کشمیر کے حوالے سے دنیا کو اس بات کا احساس ہو چکا ہے کہ اس تنازعہ کو عدل و انصاف کے اصولوں اور کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق حل کیے بغیر جنوبی ایشیاء میں امن و سلامتی کی صورتحال کو یقینی نہیں بنایا جا سکتا۔

لیبر پارٹی کی رکن پارلیمنٹ سارہ اوین کی تحریک پر شروع ہونے والی بحث جسے پارلیمنٹ میں موجود دیگر جماعتوں کے متعدد اراکین کی حمایت حاصل تھی پر تبصرہ کرتے ہوئے صدر سردار مسعود خان نے کہا کہ برطانوی حکومت کے بعض وزراء سمیت ایک درجن سے زیادہ اراکین پارلیمان نے کشمیر پر بحث میں حصہ لیتے ہوئے نہ صرف مقبوضہ جموں وکشمیر میں انسانی حقوق کی تیزی سے بگڑتی ہوئی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا بلکہ بھارت کی حکومت کو بھی واضح پیغام دیا کہ وہ متنازعہ ریاست جموں وکشمیر میں اپنے غیر قانونی اقدامات سے باز رہے اور کشمیریوں کے حق خودارادیت کا احترام کرے۔

(جاری ہے)

صدر سردار مسعود خان نے برطانوی پارلیمنٹ کے اراکین جیمز ڈیلی، سارہ اوین، رکن پارلیمنٹ ناز شاہ، پال بریسٹو، سٹیو بیکر اور دیگر اُن تمام اراکین پارلیمان کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے تنازعہ کشمیر اور اس سے پیدا ہونیو الی صورتحال کو برطانوی پارلیمنٹ میں زیر بحث لاتے ہوئے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا اور بھارتی حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ مقبوضہ ریاست کی گھمبیر صورتحال کو بہتر بنانے کیلئے فوری اقدامات کرے۔

صدر سردار مسعود خان نے برطانوی پارلیمنٹرین سے اس توقع کا اظہار بھی کیا کہ وہ پارلیمان میں مسئلہ کشمیر پر بحث کرنے کے علاوہ برطانوی حکومت پر بھی زور دیں گے کہ وہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے مستقل رکن کی حیثیت سے تنازعہ کشمیر کو نہ صرف سلامتی کونسل میں زیر بحث لائے بلکہ اپنی بین الاقوامی ذمہ داریوں کو محسوس کرتے ہوئے واضح اور دو ٹوک موقف اختیار کر کے ستر سالہ پرانے اس تنازعہ کو حل کرنے میں اپنا کردار ادا کرے۔

انہوں نے کہا کہ یہ بات نہایت اطمینان کا باعث ہے کہ برطانیہ کی پارلیمان نے کل جماعتی پارلیمانی کشمیری گروپ کے علاوہ کنزرویٹو فرینڈز آف کشمیر اور لیبر فرینڈز آف کشمیر جیسے گروپ قائم ہیں جن کے ساتھ ہم مسلسل رابطے میں ہیں اور وہ تنازعہ کشمیر کو برطانوی پارلیمان کے اندر اور پارلیمان سے باہر اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم یہ امید رکھتے ہیں کہ برطانیہ کی حکومت اور برطانیہ کی وزارت خارجہ بھی اس سلسلے میں اپنا کردار اد اکرے گی۔ صدر آزادکشمیر نے کہا کہ برطانیہ میں مسئلہ کشمیر کے حوالے سے آج ہم جو سرگرمی دیکھ رہے ہیں اس میں برطانیہ کی پاکستانی اور کشمیری کمیونٹی اور کمیونٹی کی نمائندگی کرنے والے پاکستان نژاد اراکین پارلیمان کا ایسا جاندار کردار ہے جسے کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا۔