وفاق کی جانب سے سندھ سے سوتیلی ماں جیسا سلوک کیا جا رہا ہے ،شرجیل میمن

نیازی سرکار اب نااہل ہوچکی ہے اور عوام انہیں جان گئی ہے کہ وہ صرف باتیں کرنا جانتے ہیں،،پی پی پی رہنماء

جمعہ 15 جنوری 2021 23:09

وفاق کی جانب سے سندھ سے سوتیلی ماں جیسا سلوک کیا جا رہا ہے ،شرجیل میمن
حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 جنوری2021ء) وفاقی حکومت کی جانب سے سندھ سے سوتیلی ماں جیسا سلوک کیا جا رہا ہے اس بات کا اظہار ایم پی اے شرجیل انعام میمن نے روڈ گاجا موری سے گائوں سونو خان عالمانی تک 8 کلومیٹر سڑک کے مرمتی کام کی تکمیل کے بعد سڑک کا افتتاح کرتے ہوئے میڈیا سے باتیں کرتے ہوئے کیااس موقع پر راول شرجیل میمن و دیگر عمائدین شہر بھی ان کے ہمراہ تھے ۔

ایم پی اے شرجیل انعام میمن نے میڈیا سے باتیں کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنے حلقہ میں عوامی فلاح کیلئے ریکارڈ ترقیاتی کام کروائے ہیں جبکہ سابق صدر آصف علی زرداری، بلاول بھٹو زرداری اور وزیر اعلی سندھ کی قیادت میں عوام کی خدمت کا یہ سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ نیازی سرکار اب نااہل ہوچکی ہے اور عوام انہیں جان گئی ہے کہ وہ صرف باتیں کرنا جانتے ہیں، ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ سندھ میں سردی کی شدت میں اضافے کے باوجود 14 گھنٹے لوڈشیڈنگ کی جاتی ہے اور سندہ سے پیدا ہونیوالی گئس دیگر صوبوں کو اولین بنیادوں پر دی جاتی ہے جو کہ آئین کی خلاف ورزی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ وفاق کی جانب سے سندہ سے سوتیلی ماں جیسا سلوک کیا جا رہا ہے اور ہم وفاقی حکومت کی جانب سے عوام سے مزید زیادتی برداشت نہیں کریں گے۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ فیبروری میں پی ڈی ایم کے تاریخی جلسے کا انعقاد کر کے وفاقی حکومت کو ان کے گھر کا راستہ دکھایا جائے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ جلسے کے انعقاد کے متعلق تاریخ کا اعلان پی ڈی ایم قیادت کرے گی۔

ایم پی اے شرجیل انعام میمن نے ایک سوال پر کہا کہ پی پی پی نے ہمیشہ آئین اور قانون کی بالا دستی کو قائم رکھنے کیلئے بیشمار قربانیاں دی ہیں اور اب بھی عوام کے حقوق کیلئے کسی بھی قربانی سے پیچھے نہیں ہٹیں گے ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم کی قیادت متحد ہے اور ایک پیج پر ہے اور ہماری منزل حقیقی جمہوریت اور پارلیامینٹ کی آئینی حیثیت کی بحالی ہے۔ اس موقع پر راول شرجیل میمن اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ قبل ازیں سیری اسٹاپ گاجا موری پر عوام کے بڑی تعداد نے ایم پی اے شرجیل انعام میمن کا والہانہ استقبال کیا۔ تقریب میں رئیس علی نواز رند، میر اشرف تالپور، غلام مصطفی پہنور سمیت مقامی رہنماوں اور معززین سمیت کارکنان نے بڑی تعداد میں شرکت کی