پاکستان کی آئی سی سی ورلڈ کپ اور ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کی میزبانی کے حصول کیلئے کوششیں تیز

اکتوبر ،نومبر تک 8 آئی سی سی ایونٹس کی میزبانی کی درخواستیں دیںگے: وسیم خان

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب ہفتہ 23 جنوری 2021 13:24

پاکستان کی آئی سی سی ورلڈ کپ اور ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کی میزبانی کے حصول ..
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 23 جنوری 2021ء ) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی ) کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان کا کہنا ہے کہ 14 برس بعد جنوبی افریقی ٹیم کا پاکستان آکر کھیلنا جذباتی لمحہ ہے، کرکٹ بورڈ اور مداحوں کے لیے یہ تاریخی اور یادگار لمحات ہیں۔ وسیم خان نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ پاکستان کرکٹ کو دنیا بھر میں پذیرائی مل رہی ہے اور ہماری ہوم سیریز کا دنیا بھر میں ٹیلی کاسٹ ہونا اس بات کا ثبوت ہے۔

انہوں نے کہا کہ پی سی بی دنیا کا واحد کرکٹ بورڈ ہے جس نے کورونا وائرس کے باوجود ڈومیسٹک کرکٹ سیزن مکمل کیا، کوویڈ19 کی صورتحال میں کرکٹ کرانے پر پی سی بی کی تعریف ہونی چاہیے، ڈومیسٹک سیزن کے لیے سپانسرز کا رسپانس بھی شاندار ہے، 6 ایسوسی ایشنز کے سپانسرز اگلے مہینے تک مکمل ہو جائیں گے۔

(جاری ہے)

وسیم خان کا کہنا تھا کہ پی سی بی حکام پر تنقید کا سلسلہ چلتا رہتا ہے اور چیف ایگزیکٹو اور چیئرمین بھی اپنا کام کرتے رہیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ نیوزی لینڈ میں قومی ٹیم کی کارکردگی کی وجہ سے مایوسی ہونا فطری بات ہے، ہر کرکٹ بورڈ تنقید کا نشانہ بنتا ہے۔ وسیم خان کا کہنا تھا کہ مداح قومی ٹیم کی کامیابی دیکھنا چاہتے ہیں اور ناکامی پرانہیں بھی دکھ ہوتا ہے، ان کی تنقید فطری بات ہے، ہم نے ڈومیسٹک کرکٹ کا سسٹم تبدیل کیا ہے، کرکٹر اور کوچز بہت محنت کررہے ہیں، نتائج آنے کے لیے وقت درکار ہوگا۔

پی سی بی چیف ایگزیکٹو نے کہا کہ کرکٹ بورڈ اور پی ایس ایل نے اکٹھے چلنا ہے، فرنچائز مالکان کے ساتھ چھوٹے موٹے ایشوز کو حل کرلیا، فرنچائزز نے پی ایس ایل میں سرمایہ کاری کی ہے اور آئندہ پاکستان کرکٹ میں بھی کریںگے،ہم نے کہا تھا کہ ایشوز حل کرلیں گے، پی ایس ایل 6 کا آغاز 20 فروری سے ہورہا ہے۔ وسیم خان کا کہنا تھا کہ اب ہماری توجہ دو بڑے کام کرنے پر ہیں، ہم نے فیوچر ٹور پروگرام اور آئی سی سی ایونٹس کے لیے پیشکش کرنی ہے، اکتوبر ،نومبر تک 8 آئی سی سی ایونٹس کی میزبانی کی درخواستیں دیںگے۔