Live Updates

مریم نواز کے کہنے پر کوئی استعفی نہیں دے گا

ان کی کون سنے گا، یہ اپنے شوہر محمد صفدر کے بھائی سے تو استعفیٰ لے نہیں سکیں: وفاقی وزیر فواد چوہدری

muhammad ali محمد علی منگل 26 جنوری 2021 00:08

مریم نواز کے کہنے پر کوئی استعفی نہیں دے گا
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 25 جنوری2021ء) فواد چوہدری کے مطابق مریم نواز اپنے شوہر کے بھائی سے استعفیٰ لے نہیں سکیں، تو باقی اراکین اسمبلی سے کیسے استعفے لیں گی۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے نواز شریف کی صاحبزادی کو طنز و تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ مریم نواز کے کہنے پر کوئی استعفی نہیں دے گا وہ کیپٹن صفدر کے بھائی سے استعفی نہیں لے سکیں۔

وفاقی وزیر فواد چوہدری کہتے ہیں کہ اپوزیشن استعفوں کا وقت کبھی نہیں آئے گا۔ پی ڈی ایم خود ایک کڑے وقت سے گزر رہی ہے۔ اپوزیشن اسی تنخواہ پر کام کرتی رہے گی۔ ان کے جلسوں میں عوام نے کوئی دل چسپی نہیں لی۔ آئی ٹی کے وزیر سے کہا ہے کہ سوشل میڈیا پر خطاب کے لیے اپوزیشن رہنماوں کو ٹیبلٹ فراہم کیے جائیں. زرداری اینڈ کمپنی بہت پیچھے رہ گئی 3 سال بعد بھی ان کا کوئی چانس نہیں۔

(جاری ہے)

فواد چوہدری کہتے ہیں کہ ان کا وقت ختم ہوچکا ہے، یہ پرانے زمانوں کے لوگ ہیں۔ سیاست آگے بڑھ گئی، یہ لوگ بہت پیچھے رہ گئے ہیں۔ ہر تین ماہ بعد استعفوں کی تاریخ اب مذاق بن گئی۔آصف زرداری، نواز شریف ماضی کا قصہ ہیں، اب نئی سیاست کا دور ہے۔ دوسری جانب اسمبلیوں سے استعفے دینے اور حکومت مخالف تحریک کے حوالے سے مریم نواز کا کہنا ہے کہ لانگ مارچ ہوگا جس میں اب زیادہ دیر نہیں ہے۔

حکومت مذاکرات کے لیے رابطے کر رہی ہے ، ن لیگ سمیت کسی بھی سیاسی جماعت سے جتنے بھی رابطے کریں کچھ حاصل نہیں ہوگا اور حکومت کو این آر او نہیں ملے گا ۔ مریم نواز کہتی ہیں کہ استعفے بھی دیں گے، لانگ مارچ بھی ہو گا، کسی کے دباﺅ میں نہیں آئیں گے، مناسب وقت کا انتظار کریں گے۔ 2021 الیکشن کا سال ہے ، یہ سال سلیکٹڈ حکومت کے خاتمے کا سال ہے ۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات