کورونا کے وار جاری ، گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 64 اموات ہوئیں

چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا کے 1910 نئے کیسز رپورٹ ہوئے

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعرات 28 جنوری 2021 10:51

کورونا کے وار جاری ، گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 64 اموات ہوئیں
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 28 جنوری 2021ء) : دنیا بھر میں کورونا کے وار تاحال جاری ہیں۔ کورونا کی وجہ سے دنیا بھر میں اموات کا سلسلہ جاری ہے۔ جبکہ گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا سے 64 اموات ہوئیں اور کورونا کے 1910 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد اموات کی تعداد 11 ہزار 514 ہوگئی۔ پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 5 لاکھ 39 ہزار 387 ہوگئی۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ایک ہزار 910 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں ایک لاکھ 55 ہزار 805، سندھ میں 2 لاکھ 43 ہزار 683، خیبر پختونخوا میں 66 ہزار 198 بلوچستان میں 18 ہزار 788، گلگت بلتستان میں 4 ہزار 906، اسلام آباد میں 41 ہزار 76 جبکہ آزاد کشمیر میں 8 ہزار 931 کیسز رپورٹ ہوئے۔

(جاری ہے)

دوسری جانب کورونا کی دوسری لہر کے دوران مثبت کیسزمیں نمایاں کمی ہوئی اور شرح تین اعشار نو فیصد ہوگئی ہے۔

صورتحال دس نومبر سے قبل کے حالات کی جانب واپس آگئی۔ نیشنل کمانڈ اینڈ اپریشن سینٹر کے مطابق کراچی میں کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 10.68 فیصد ہے۔ اسلام آباد میں 1.18فیصد، خیبرپختونخوا5.25، پنجاب5.97 اور سندھ میں مجموعی طور پر مثبت کیسز کی شرح 10.23 فیصد ہے۔ آزاد کشمیر میں کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 5.97، بلوچستان3.52 اور گلگت بلتستان میں 0.56 فیصد ہے۔

پاکستان میں کورونا کا پہلا کیس 26 فروی کو سامنے آیا جبکہ کورونا سے پہلی موت اٹھارہ مارچ کو رپورٹ ہوئی۔ خیال رہے کہ دنیا بھر میں کورونا کیسز کی تعداد 10 کروڑ14 لاکھ سے بڑھ گئی ہے اور 21 لاکھ 84 ہزار 126 افراد جان کی بازی ہار گئے ہیں۔ واضح رہے کہ اعداد و شمار کے مطابق کورونا وائرس کا پہلا کیس 17 نومبر 2019 کو رجسٹرڈ ہوا تھا جس کے بعد 27 جون 2020 کو کیسز کی تعداد ایک کروڑ ہوگئی تھی۔ 24 نومبر کو کورونا کیسز کی تعداد چھ کروڑ ہوئی تھی، دس دسمبر 2020 کو کیسز سات کروڑ تک پہنچ گئے تھے، 25 دسمبر کو کیسز کی تعداد آٹھ کروڑ ہو گئی تھی، 9 جنوری کو کیسز نے نو کروڑ کا ہندسہ عبورکرلیا تھا اور 25 جنوری کو کیسز دس کروڑ سے بڑھ گئے تھے۔