وزیراعلیٰ پنجاب سے ملاقا ت کرنے والے لیگی اراکین اسمبلی کو رکن قومی اسمبلی چوہدری نور الحسن تنویر نے طلب کر لیا

وزیر اعلی پنجاب نے جو دعوے کئے وہ جھوٹ ہیں ،تمام اراکین اسمبلی نواز شریف کی قیادت اور بیانیے کے ساتھ ہیں ‘نور الحسن تنویر

جمعہ 29 جنوری 2021 17:03

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 جنوری2021ء) وزیراعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدار سے ملاقا ت کرنے والے لیگی اراکین اسمبلی کو این اے 169 کے رکن قومی اسمبلی چوہدری نور الحسن تنویر نے طلب کر لیا۔صدر بہاولپور ڈویژن نور الحسن تنویر نے کہاکہ ملاقات کرنے والے اراکین اسمبلی نے (ن) لیگ کی وکٹ گرانے کی خبریں جھوٹ قرار دیں ۔نور الحسن تنویرکاکہنا تھاکہ وزیر اعلی پنجاب نے جو دعوے کئے وہ جھوٹ ہیں ،تمام اراکین اسمبلی نواز شریف کی قیادت اور بیانیے کے ساتھ ہیں ۔

انہوںنے کہاکہ پی پی 244 سے چوہدری ارشد اورپی پی 241 سے چوہدری کاشف محمود کی وزیر اعلی پنجاب سے ملاقات کو اعتماد کا اظہار کہنا پراپیگنڈہ ہے۔ چوہدری ارشد نے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ وزیر اعلی پنجاب سے ملاقات حلقے کے عوام کے لیے کی (ن) لیگ کو خیر آباد نہیں کہہ رہا۔

(جاری ہے)

عثمان بزدار ہارون آباد فورٹ عباس روڈ کا اعلان کر کے آئے جس پر ان سے فنڈز جاری کرنے کی درخواست کے لیے ملاقات کی ۔

عثمان بزدار نے فنڈز جاری کرنے کا وعدہ کیا مگر خبر کچھ اور جاری کر دی۔ انہوںنے کہاکہ نواز شریف شہباز شریف اور انکی قیادت پر مکمل اعتماد ہے ۔سینیٹ سمیت ہر معاملے پر (ن) لیگ کے ساتھ ہیں۔ چوہدری کاشف محمودنے کہاکہ عثمان بزدار سے ملاقات کی کوئی جرم نہیں کیا۔حکومت کی جانب سے ملنے کو وفاداری تبدیل کرنے سے تشبیہ دینا سراسر غلط ہے ۔پیدائشی لیگی ہیں اور نواز شریف کے بیانیے کے ساتھ ہیں سینٹ میں لیگ کو ہی ووٹ دیں گے ۔