بلدیہ ٹائون میں جاری گیس کی بدترین لوڈ شیدنگ کا فوری نوٹس لیا جائی: پاسبان

پی ڈی پی گلشن غازی بلدیہ ٹائون،یوسی 33 کے زیر اہتمام گیس کی لوڈ شیڈنگ کے خلاف مظاہرہ

پیر 8 فروری 2021 16:47

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 فروری2021ء) پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی کراچی ایگزیکٹو کونسل کے رکن غلام سرور غازی نے کہا ہے کہ بلدیہ ٹائون میں جاری گیس کی بدترین لوڈ شیدنگ کا فوری نوٹس لیا جائے۔ سوئی سدرن گیس کمپنی نے لاک ڈائون کے بعد سے گیس کے نرخوں میں من مانے اضافے کر دیئے ہیں، مختلف ہتھکنڈے استعمال کرتے ہوئے عوام کو بھاری بلز بھیجے جا رہے ہیں۔

اس کے باوجودتمام دن گیس فراہم نہیں کی جاتی۔ عوام معاشی ابتری کے اس دور میں پیٹ بھریں یا بلز گیس کی عدم فراہمی کی وجہ سے عوام تینوں وقت کا کھانا ہوٹلوں سے خرید کر کھانے پر مجبور ہیں جو کہ ایک غریب آدمی کی استطاعت سے باہر ہے۔ جبکہ سلنڈرز کی قیمتیں بھی آسمان سے باتیں کر رہی ہیں۔ اس صورتحال نے غریب آدمی کا جینا دشوار کر دیا ہے۔

(جاری ہے)

سندھ حکومت آرام طلبی اور بے حسی چھوڑ کر عوام کو ریلیف دینے کے لئے جلد از جلد اقدامات اٹھائے بصورت دیگر عوام سوئی سدرن گیس کمپنی کا گھیرائو کرنے پر مجبور ہو جائیں گے۔

عوام کو مسائل سے چھٹکارہ دلانے کے لئے اداروں کو کرپٹ افسران اور کالی بھیڑوں سے پاک کیا جائے۔ وہ پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی ،گلشن غازی بلدیہ ٹائون،یوسی 33 کے زیر اہتمام، گیس کی بدترین لوڈ شیڈنگ اور چند دن پہلے پانچ افرادکے قتل کے خلاف ہونے والے مظاہرہ سے خطاب کر رہے تھے۔ مظاہرہ کا انعقاد یو سی 33کے صدر متین خان کی جانب سے کیا گیا تھا جس میںایگزیکٹو کونسل کے رکن زمان خان انقلابی،ذمہ دار تنویر حسین، بلدیہ ٹائون کے آرگنائزر عمر عباسی ، منیر احمد، نثار خان، آدم خان، اختر خان اور نعمان خان سمیت بڑی تعداد میں پاسبان کارکنان اور علاقہ مکینوں نے شرکت کی۔

پاسبان ذمہ داران نے کہا کہ گیس کی قلت کے باعث شہری مہنگے داموں گیس سلنڈرز خریدنے پر مجبور ہیں جب کے سلنڈر پھٹنے کے واقعات بھی عام ہوتے جا رہے ہیں۔ شہر میں متعدد مقامات پر گیس سلنڈر پھٹنے کے واقعات میں کئی افراد شدید زخمی اور کئی جان بھی گنوا چکے ہیں جس کی ذمہ دار صوبائی ھکومت اور متعلقہ گیس کمپنی کا ادارہ ہے