محکمہ ثقافت حکومت سندھ کی جانب سے سکھر میں لوک و کلاسیکل فنکار سینگار علی سلیم کی یاد میں تقریب، لفظوں و سروں سے خراج تحسین پیش

اتوار 14 فروری 2021 18:30

سکھر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 فروری2021ء) محکمہ ثقافت حکومت سندھ کی جانب سے سکھر کلچرل کامپلیکس کے سینگار علی سلیم آڈیٹوریم میں نامور کلاسیکل گائک و موسیقار استاد سینگار علی سلیم کی یاد میں شاندار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں مقررین نے اپنے لفظوں اور فنکاروں نے سروں اور مدھر آواز کے ذریعے سینگار علی سلیم کو بھرپور خراج تحسین پیش کیا اور انہیں پرسوز فنکار قرار دیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نامور ادیب و شاعر اختر درگاہی نے کہا کہ سینگار علی سلیم پرسوز فنکار تے اور وہ بہترین شاعر کے ساتھ ساتھ مرثیہ خوان بھی تھے۔ انہوں نے کہا کہ سینگار علی سلیم امر کلاکار تھے اس کے نام سے سکھر میں میوزیکل اکیڈمی کھولنی چاہئے جس میں سینگار کی منفرد گائکی نوجوان فنکاروں کو سکھائی جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سلیم سینگار کا تعلق مواٹی خاندان سے تھا مگر انہوں نے سکھر میں گائکی کی تربیت بابا منورعلی شاہ، عاشق حسین ہوشیارپوری استاد امانت علی خان قصوری سے بھی حاصل کی، غازی غلام شاہ نے انہیں سینگار علی کا لقب دیا۔

نامور ڈرامہ نگار و ادیب ممتاز بخاری نے کہا کہ سینگار علی سلیم کا جنم راجستھان میں 1940 میں ہوا وہ بچپن میں سکھر اپنے خاندان سمیت تشریف لائے۔ قدیر انصاری کا کہنا تھا کہ سینگار علی سلیم کا سماج میں مقام کسی مرشد سے کم نہیں تھا وہ باکمال فنکار تھے ان کی کامیابی کا راز سنجیدگی سے کام تھا وہ کبھی بھی شہرت و نام کے پیچھے نہیں تھے۔ نامور موسیقار شاہد بزمی نے کہا سینگار علی سلیم نے چاروں صوبوں میں اپنا منفرد کلام پیش کر کے مقام بنایا آج بھی اس کا آواز ہر جگہ زندہ ہے۔

تقریب سے ڈپٹی ڈئریکٹر کلچر سکھر امتیاز میمن نے استقبالیہ میں کہا کہ محکمہ ثقافت نے سکھر کلچرل کامپلیکس میں سینگار علی سلیم آڈیٹوریم سمیت کئی سنگ میل طے کرلئے ہیں سکھر کے لوگ پروگرام ڈزائن کریں ان کے ساتھ بھرپور تعاون کیا جائیگا۔ کمپیئرنگ کے فرائض نامور شاعر امر اقبال نے انجام دئے، جبکہ سینگار علی سلیم کے فرزند اقبال سینگار سلیم نے خصوصی شرکت کی جنہیں ڈپٹی ڈئریکٹر کلچر سنتوش کمار نے اجرک پہنائی، اسی طرح ڈاکٹر ادل سومرو، ایازگل، قربان منگی، سرور سیف، جان محمد مہر، یاسین جونیجو، مہر خادم، آفتاب بخاری، ارشادپیرزادہ، مجید نواز مغل، شبیر احمد میمن، لطف علی شاہ، آفتاب ملک، ہادی بٹ، عبدالحمید سیوہانی المعروف نتھو خان، اظہر نوناری، خالد کنبھار، خالد بانبھن، وحید انصاری، امیر گل کٹوہر ،عذرہ جمال اور دیگر تقریب میں موجود تھے۔

محفل موسیقی میں نامور کلاسیکل گائک استاد عبدالغفور سومرو، شاہد بزمی، جنسار سموں اور گل جونیجو نے اپنے مدھر آوا ز اور سروں سے محفل کو چار چاند لگادئے اور بھرپور داد حاصل کی۔

متعلقہ عنوان :