کشمیری کمیونٹی تحریک آزادی بارے جھوٹے ،بے بنیاد بھارتی پروپیگنڈے کے توڑ کیلئے کردار ادا کرے، سردار مسعود خان

بھارت کے ناجائز ،غیر قانونی حکومت کیخلاف مظاہرے، احتجاج ،جلسے، جلوس کر کے اپنی آواز بلند کی جائے،صدر آزاد کشمیر

پیر فروری 16:21

کشمیری کمیونٹی تحریک آزادی بارے جھوٹے ،بے بنیاد بھارتی پروپیگنڈے ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 فروری2021ء) آزاد جموں و کشمیر کے صدر سردار مسعود خان نے گورنر ہاؤس کراچی میں کشمیری کمیونٹی کے ایک نمائندہ وفد سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان کے مختلف شہروں خاص طور پر کراچی میں مقیم کشمیری کمیونٹی پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر کی صورتحال سے خود بھی باخبر رہیں اور وہاں رونما ہونے والے واقعات سے دوسروں کو بھی باخبر رکھیں اور تحریک آزادی کے بارے میں بھارت کے جھوٹے اور بے بنیاد پروپیگنڈے کے توڑ کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔

کشمیر لبریشن سیل کے تعاون سے ہونے والے اس اہم اجلاس آزاد کشمیر کی تمام سیاسی جماعتوں کے چیدہ چیدہ نمائندگان کو مقبوضہ جموں و کشمیر کی تازہ ترین صورتحال اور بھارتی حکومت کے غیر قانونی اور ناجائز اقدامات سے آگاہ کرتے ہوئے صدر آزاد کشمیر نے بتایا کہ بھارت نے اگست 2019 میں مقبوضہ جموں و کشمیر پر دوبارہ قبضہ کرنے، ریاست کو دو حصوں میں تقسیم کرنے اور تقسیم شدہ حصوں کو بھارتی یونین میں ضم کرنے کے بعد اب بھارت کے ہندو شہریوں کو لا کر مقبوضہ ریاست میں آباد کرنے کا جو سلسلہ شروع کیا وہ نہایت خطرناک منصوبہ ہے جس پر پوری طرح عملدرآمد کی صورت میں مقبوضہ کشمیر کے مسلمان اپنی ہی ریاست میں ایک اقلیت اور بھارتی ہندوؤں کے رحم و کرم پر رہ جائیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کشمیری کمیونٹی پر زور دیا کہ وہ بھارت کے ان ناجائز اور غیر قانونی حکومت کے خلاف مظاہرے، احتجاج اور جلسے، جلوس کر کے اپنی آواز بلند کریں اور ذرائع ابلاغ کے ذریعے اس کے خلاف عوامی آگاہی پیدا کریں۔ صدر آزاد کشمیر کشمیر لبریشن سیل کراچی سینٹر کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے لبریشن سیل کراچی سنٹر کے انچارج جاوید شاہ کو مبارکباد دی اور انہیں یقین دلایا کہ لبریشن سیل کراچی سنٹر کو مزید فعال بنایا جائے گا۔

اجلاس میں کشمیری کمیونٹی کے جن رہنماؤں نے شرک کی ان میں سابق وزیر حکومت اور پی ٹی آئی رہنما محمد سلیم بٹ، نثار احمد خان، سید طاہر شاہ کاظمی، پاکستان مسلم (ن) سندھ کے سیکرٹری جنرل نیاز احمد، مسلم لیگ (ن) لائرز فورم کراچی کے صدر صغیر خان ایڈووکیٹ، جماعت اسلامی آزاد کشمیر کراچی کے امیر سردار عبدالحمید، مسلم کانفرنس کے سینئر رہنما سردار عبدالرحمان خان، عزیزالحسن اعوان، کشمیر ورلڈ کونسل کے چیئرمین سکندر حیات مغل، لبریشن لیگ سندھ کے صدر راجہ منیر خان تحریک لبیک کے رہنما سید عارف شاہ، جموں و کشمیر عوامی تحریک کراچی کے صدر الیاس مغل اور دیگر شامل تھے۔