کراچی میں مشتعل افراد کا جیو اور جنگ گروپ کے مرکزی دفتر پر حملہ ، عملے پر تشدد ، دھکے بھی دیئے

مظاہرین نے واک تھرو گیٹ ،مرکزی دروازہ اور دفتر کے شیشے بھی توڑ دئیے ، عملے کو حراساں کیا ، پولیس تماشائی بنی رہی

اتوار 21 فروری 2021 19:55

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 فروری2021ء) کراچی میں مشتعل افراد نے جیو اور جنگ گروپ کے مرکزی دفتر پر حملہ کردیا،آئی آئی چندریگر روڈ پر واقع مرکزی دفتر پر حملے کے دوران مظاہرین نے عملے پر تشدد کیا اور دھکے بھی دیے۔تفصیلات کے مطابق مظاہرین نے واک تھرو گیٹ اورمرکزی دروازہ توڑدیا اور دفتر کے شیشے بھی توڑ دیے ہیں۔

(جاری ہے)

مظاہرین نے جیو نیوز کے عملے کو حراساں کیا جبکہ عمارت کے اندر بھی خواتین سمیت ملازمین کی بڑی تعداد موجود تھیں،مظاہرین کے توڑپھوڑ کے دوران موقع پرموجود پولیس خاموشی تماشائی بنی رہی،مظاہرین نے دفتر کے باہر دھرنا دے دیا ہے اور نجی ٹی وی کے پروگرام کے اینکر کی وضاحت کے باوجود معافی کا مطالبہ کیا ہے۔

دوسری جانب سینئر تجزیہ کار اور جیو نیوز کے پروگرام ’خبرناک‘ کے میزبان ارشاد بھٹی نے وضاحت دیتے ہوئے کہاکہ ان کا پروگرام طنز و مزاح کا پروگرام ہے، سندھ اور سندھی اسی طرح ان کے وجود کا حصہ ہیں، جس طرح ملک کا کوئی اور دوسرا صوبہ ہے۔