جامعہ کراچی،نئے تعلیمی سال کے موقع پر طلبہ کے لئے ضابطہ اخلاق جاری

پیر فروری 23:13

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 فروری2021ء) جامعہ کراچی میں نئے تعلیمی سال کے موقع پر مشیر امور طلبہ جامعہ کراچی ڈاکٹر سید عاصم علی کی جانب سے طلبہ کیلئے ایک ضابطہ اخلاق جاری کیا گیا ہے۔اس ضابطہ اخلاق میں طلبہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ اسلام، نظریہ پاکستان اور ملکی وقومی سا لمیت کے خلاف کوئی سرگرمی ،کوئی نعرہ برداشت نہیں کیا جائے گا۔

جامعہ میں تعلیم کے معیار کی بہتری ،تعلیمی مواقع کی ترقی اور تعلیمی مسائل کے حل کو مقدم جانئے۔جامعہ کے انتظامی امور میں مداخلت ممنوع ہے۔جامعہ کے تقدس کا احترام سب پر لازم ہے چنانچہ کلاس کے اندر اورباہر ایسی تمام سرگرمیوں سے اجتناب کیا جائے جو اس کے تقدس کو پامال کریں۔جامعہ کی اخلاقی فضا کے بارے میں منفی تاثرات ،پروپیگنڈے اور تنقید کی شدت کو کم کرنے کے لئے اور جامعہ کی اخلاقی فضا کی پاکیزگی کے تحفظ کے لئے ایسے تمام عناصر کی حوصلہ شکنی کی جائے گی جو جامعہ کو تفریح گاہ سمجھ کر یہاں چلے آتے ہیں اور پورادن یہاں غیر تعلیمی سرگرمیوں میں مصروف نظر آتے ہیں۔

(جاری ہے)

ہر طالب علم کی یہ ذمہ داری ہوگی کہ وہ باہر سے آنے والے ایسے عناصر پر کڑی نظر رکھیں اور جامعہ سے ان کے فوری اخراج کے لئے اساتذہ اور انتظامیہ کی مددحاصل کریں۔اساتذہ کا احترام کیا جائے اور کلاس کے اندر اور کلاس سے باہر ان کی ہدایات اور مشوروںعمل پیراہوجائے۔جامعہ کی پراپرٹی بشمول ٹرانسپورٹ کا کسی طرح بھی خلاف ضابطہ استعمال ممنوع ہے۔

سیکیورٹی کے عملے سے تعاون کیا جائے تاکہ نظم وضبط قائم رکھا جاسکے۔جامعہ کراچی کو سگریٹ نوشی اور دیگر ناپسندیدہ اشیاء (پان چھالیہ وغیرہ) سے پاک کرنے میں اپنا کردار اداکیجئے،کسی قسم کی نشہ آور اشیاء کا کاروبار اور استعمال سختی سے ممنوع ہے۔جامعہ کی حدود میں کسی قسم کا آتشی اسلحہ، تیز دھار ہتھیار رکھناسخت منع ہے،خلاف ورزی کی صورت میں قانون کے مطابق کاروائی کی جائے گی۔

سوشل میڈیاکو استعمال کرتے ہوئے اخلاقی پاسداری کا خاص خیال رکھا جائے۔علاقائی، گروہی ،لسانی اور فرقہ وارانہ حوالوں کو طلبا برادری کی یکجہتی کے خلاف استعمال نہیں کیا جائے گا۔جامعہ کی درودیوار کو صاف ستھرا رکھنے میں تعاون کیجئے کسی قسم کے پوسٹر لگانے اور لکھنے (وال چاکنگ)سے مکمل اجتناب کیجئے۔طالب علم انفرادی واجتماعی طور پر یونیورسٹی کے کوڈ اور دوسرے تمام انتظامی قواعد کا پابند ہے بشمول 75فیصد حاضری کی پابندی کے لئے طلباوطالبات اپنی رہنمائی کے لئے سیمسٹر ایگزامینیشن رولز جامعہ کراچی کی بک شاپ سے حاصل کریں۔

تمام غیر نصابی سرگرمیاں صرف شعبہ جاتی مشیر امور طلبہ کی رہنمائی میں ہی کی جاسکتی ہیں۔طلباء وطالبات رہائشی علاقے میں جانے سے گریز کریں اور اپنے آپ کو اکیڈمک ایریاتک محدودرکھیں۔جامعہ کراچی کی حدود میں کسی پروگرام کے انعقاد کے لئے صدر شعبہ اور دفتر ہذا سی۵یوم قبل تحریری طور پر اجازت لینا لازمی ہے۔واضح رہے کہ قواعد وضوابط کی خلاف ورزی کی صورت میں تادیبی کاروائی کی جائے گی اور سنگین خلاف ورزی کی صورت میں جوکہ قانون کے زمرے میں آتی ہو قانونی چارہ جوئی کی جائے گی۔کووڈ 19 کی صورتحال کے پیش نظر ایس اوپیز پر سختی سے عمل کیا جائے۔