لاہور قلندرز کی کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی خوب دھلائی ، حامد میر بھی سرفراز احمد کا مذاق اڑانے لگے

جتنی بھی مار پڑے۔بس گھبرانا نہیں۔،سینئر صحافی کا کوئٹہ کے کپتان کی سرجھکائے کھڑے ہونے کی تصویر شیئر کرکے ٹویٹر پیغام

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 23 فروری 2021 14:42

لاہور قلندرز کی کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی خوب دھلائی ، حامد میر بھی سرفراز ..
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 23 فروری 2021ء ) لاہور قلندرز نے گزشتہ روز کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کامار ما ر کر بھرکس نکال دیا جس پر سینئر صحافی حامد میر کا دلچسپ تبصرہ سامنے آ گیاہے ۔ تفصیلات کے مطابق کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 178 رنز سکور کرکے بھی کامیابی نہ مل سکی اور لاہور قلندرز کے فخر زمان اور حفیظ نے ہی یہ ہدف پورا کردیا ، دونوں کھلاڑیوں نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے تمام بائولرز کی جم کر دھلائی کی اور کوئٹہ کے کپتان سرفراز احمد میدان میں کافی پریشان دکھائی دیئے ۔

سرفراز احمد کی وکٹ کیپنگ کرتے ہوئے افسردہ انداز میں ایک تصویر انٹرنیٹ پر وائرل ہوگئی جس میں وہ چہرہ نیچے کی طرف جھکائے کھڑے ہیں ، یہ تصویر سینئر صحافی حامد میر نے ٹویٹر پر شیئر کرتے ہوئے پیغام لکھا کہ ”جتنی بھی مار پڑے ۔

(جاری ہے)

۔۔۔بس گھبرانا نہیں ۔۔۔“ ۔

یہ جملہ اکثر اوقات وزیر اعظم عمران خان عوام سے خطاب میں استعمال کرتے دکھائی دیتے ہیں جس کے باعث یہ جملہ کافی مقبول ہوچکا ہے اور سوشل میڈیا پر شیئرہوتا نظرآتا ہے۔

یاد رہے کہ لاہور قلندرز نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ،کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے اوپنرز فلاپ ہوئے لیکن کرس گیل نے شاندار اننگ کھیلتے ہوئے 68 رنز بنائے اور ٹیم کو 178 رنز کا بڑا ہدف سیٹ کرنے میں مدد فراہم کی جبکہ کپتان سرفراز 40 رنز بنانے میں کامیاب ہوئے ۔ لاہور قلندرز کے فخر زمان اور محمد حفیظ نے نصف سنچریاں سکور کرکے ٹیم کو کامیابی سے ہمکنار کروایا، فخر نے 82 اور حفیظ نے 73 رنز کی اننگ کھیلی ۔