بھارت نے اپنی فوج کو کشمیریوں کے قتل کا لائسنس دے رکھا ہے، یوسف نقاش

اقوام کی ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق کے بیان کا خیرمقدم

ہفتہ 27 فروری 2021 19:15

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 فروری2021ء) بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموںوکشمیر میں اسلامک پولیٹیکل پارٹی کے چیئرمین محمد یوسف نقاش نے اقوام کی ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق Michelle Bachelet,کے بیان کا خیر مقدم کیا ہے جس میں انہوں نے بھارتی فوجیوں کی طرف سے مقبوضہ علاقے میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوںپر تشویش کا اظہار کیا ہے۔

کشمیر میڈیاسروس کے مطابق محمد یوسف نقاش نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں افسوس ظاہر کیا کہ بھارت فوجی وحشیانہ طاقت کے ذریعے کشمیریوںکے جذبہ آزادی کو دبانے میں مصروف ہیں ۔ا نہوں نے کہا کہ بھارت نے مقبوضہ علاقے میں تعینات اپنی آٹھ لاکھ سے زائد فورسز اہلکاروں کو بیگناہ کشمیریوں کو قتل ، گرفتار اور انہیں تشدد کا نشانہ بنانے کا لائسنس دے رکھا ہے جس کی وجہ سے ان کی زندگی جہنم بن چکی ہے۔

(جاری ہے)

محمد یوسف نقاش نے کہا کہ مقبوضہ علاقے میں صحافیوں کو سچائی بیان کرنے پر سزا دی جاتی ہے جبکہ سوشل میڈیا کو سنسر کر دیا گیا ہے۔ انہوںنے کہا کہ بھارتی فوجیوں کی طرف سے ہرکشمیری کو بلا لحاظ جنس وعمر ظلم و ستم کا سامنا ہے کیونکہ کشمیریوں کا واحد جرم یہ ہے کہ وہ اپنے پیدائشی حق، حق خود ارادیت کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ محمد یوسف نقاش نے اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل سے مطالبہ کیا کہ وہ مقبوضہ علاقے میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لیں اور کشمیریوںکو انکا حق خود ارادیت کیلئے کردار ادا کرے۔