والدین کا اپنی اولاد کو تعلیم وتربیت دلانے سے بہتر کوئی تحفہ نہیں ہوسکتا ‘علامہ محمد ناصر مدنی

منگل 2 مارچ 2021 16:30

والدین کا اپنی اولاد کو تعلیم وتربیت دلانے سے بہتر کوئی تحفہ نہیں ہوسکتا ..
کامونکے (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 مارچ2021ء) والدین کا اپنی اولاد کو تعلیم وتربیت دلانے سے بہتر کوئی تحفہ نہیں ہوسکتا کیونکہ تعلیم انسان کو شعور بخشتی ہے تعلیم انسانیت کا زیور ہونے کے ساتھ ساتھ کامیابی کی کنجی بھی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار معروف عالم دین علامہ محمد ناصر مدنی نے گزشتہ روز پاکستان انٹرنیشنل پبلک سکول PIPS کی دوسری برانچ نیو ماڈل ٹائون کامونکے میں افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر ڈائریکٹر سکول حافظ عثمان غنی، ڈائریکٹر محمد عبدالله مسلم، سماجی و سیاسی رہنما چودھری علی وکیل خاں، سیاسی و سماجی رہنما محمد عمران حبیب سرویا، صدر سٹی پریس کلب رانا محمد ناصر،میڈم نیلم عامر،رانا محمد قیصر،چودھری آصف شفیق،رانا عثمان خاں ودیگر بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ تعلیم ہی کی بدولت انسان کو معاشرے میں عزت واحترام ملتا ہے لہذا والدین اپنے بچوں کو موبائل گفٹ کرنے کی بجائے کتاب گفٹ کیا کریں میرا بھی طلبا وطالبات کو خصوصی پیغام ہے کہ وہ تعلیم پر توجہ دیں محنت کریں موبائل کی دنیا میں گم ہونا چھوڑ کر کتابوں کی دنیا میں زیادہ سے زیادہ رہیں پھر کامیابی آپ کے قدم چومے گی والدین اوراساتذہ بچوں کی تعلیم کے ساتھ ساتھ ان کی تربیت پر بھی خصوصی توجہ دیں۔

مقررین نے مزید کہا کہ پاکستان انٹرنیشنل پبلک سکول PIPS کی پہلی برانچ کی کامیابی کے بعد دوسری برانچ کا نیو ماڈل ٹائون میں افتتاح اس بات کی نشاندہی ہے کہ مذکورہ سکول کے ڈائریکٹرحافظ عثمان غنی،ڈائریکٹر محمد عبدالله مسلم ودیگر سٹاف نے اپنی شبانہ روز کاوشوں، محنت اور لگن سے بچوں کو تعلیم سے آراستہ کرنے میں اپنا بھرپور کردار ادا کیا۔ انہوں نے والدین پر زور دیا کہ دنیاوی تعلیم کے ساتھ ساتھ اپنے بچوں کو دینی تعلیم کی طرف بھی راغب کریں تاکہ بچے دنیا کیساتھ ساتھ آخرت میں بھی کامیابی سے ہمکنار ہوسکیں۔