ایسوسی ایشن آف پرائیویٹ سیکٹر یونیورسٹیز سندھ چیپٹر کی تقریب حلف برداری

نجی یونیورسٹیز ملک میں خواندگی کی شرح میں اضافہ پر سب سے زیادہ توجہ دیں،پروفیسر عبدالرحمان

جمعرات 4 مارچ 2021 16:47

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 مارچ2021ء) ایسوسی ایشن آف پرائیویٹ سیکٹر یونیورسٹیز ،پاکستان(ایپسپ) کے چئرمین پروفیسر ڈاکٹر چوہدری عبدالرحمان نے کہا ہے کہ ان کی تنظیم کے قیام کے مقاصد میں ملک میں اعلیٰ تعلیم اور ریسرچ کلچر کافروغ ،جدید ٹیکنالوجی کا استعمال،اپنی خود مختاری کی حدود میں رہتے ہوئے کام کرنا،بیرون ممالک کی جانب دیکھنے کے بجائے ملکی جامعات کی بہتر کارکردگی سے رہنمائی حاصل کرنا،انڈسٹری اور عام آدمی کے مفاد میں تحقیقی کام کی حوصلہ افزائی،ریگولیٹری باڈی سے تعاون کرنا اور ایچ ای سی کی انڈر گریجویٹ پالیسی کا خیر مقدم شامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہماری پہلی ترجیح یہ ہے کہ ہم پاکستان میں پڑھے لکھے افراد کی تعداد میں اضافہ کی بھر پور کوشش کریں جوکہ ہمارے اردگرد کے ممالک بھارت،سری لنکا اور ایران کے مقابلہ میں بہت کم ہے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ شام محمد علی جناح یونیوررسٹی کراچی(ماجو) میں ایسوسی ایشن آف پرائیویٹ سیکٹر یونیورسٹیز ،پاکستان سندھ چیپٹر کے نومنتخب عہدہ داروں کی حلف برداری کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

جن نومنتخب عہدہ داروں نے اس موقع پر حلف اٹھایا ان میں پروفیسر ڈاکٹر وسیم قاضی، اقراء یونیورسٹی(صدر) پروفیسرڈاکٹر زبیر شیخ، محمد علی جناح یونیورسٹی، کراچی(نائب صدر) پروفیسر،ڈاکٹر ریاض شیخ، زیبسٹ کراچی(جنرل سیکریٹری)محترمہ سیما مغل، گرینوچ یونیورسٹی( جوائینٹ سیکریٹری) او ر مسٹر ر وجیہ الدین خان، جناح یونیورسٹی برائے خواتین(خازن) شامل تھے۔

اس موقع پر ایپسپ پاکستان کے جنرل سیکریٹری ڈاکٹر اورنگ زیب خان، شہید بے ننظیر بھٹو یونیورسٹی، کراچی بھی موجود تھے۔ایپسپ، سندھ چیپٹر کے نومنتخب صدر پروفیسر ڈاکٹر وسیم قاضی نے اس موقع پر اپنے خطاب میں کہا کہ ہر یونیورسٹی کی یہ بنیادی ذمہ داری ہوتی ہے کہ وہ ملک میں معیاری اعلیٰ تعلیم اور ریسرچ کے فروغ کے لیئے بہتر کارکردگی کا مظاہر کرے۔

انہوں کہا کہ ہماری تنظیم کے معزز چئیرمین کی جانب سے فراہم کردہ ایجنڈا ہمارے لیے واضح گائیڈ لائن ہے جس پر پوری طرح عمل کرنا ہماری ذمہ داری ہوگی اور ہم انکی توقعات پر پورا اترنے کی پوری کوشش کرینگے۔ نائب صدر پروفیسر ڈاکٹر زبیر شیخ نے اپنے خیا لات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پرائیویٹ سیکٹر کی تمام یونیورسٹیوں کے درمیان موثر رابطے قائم رکھنا بہت ضروری ہے اور وہ امید کرتے ہیں کہ ایپسپ کے اجلاس باقاعدگی کے ساتھ منعقد کرکے ہی ہم اپنے مشن کو آگے بڑھا سکیں گے۔

انہوں نے کہا کہ سندھ میں اچھی جامعات اور اداروں کی کمی نہیں جن میں ایچ ای سی سندھ اور وزیر اعلیٰ سندھ کی چارٹرڈ انسپیکشن اینڈ ایولوشن کمیٹی قابل ذکر ہیں اور ہم کسی ادارے کے خلاف نہیں ہیں۔نومنتخب جنرل سیکریٹری پروفیسر ڈاکٹر ریاض شیخ نے کہا کہ اس تنظیم کے یہاں قیام کی ضرورت بہت پہلے سے محسوس کی جارہی تھی اور اب ہم انفرادی کارکردگی کے بجائے اجتماعی کار کردگی کا بہتر مظاہرہ کرسکیں گے۔انہوں نے کہا کہ ہم امید کرتے ہیں کہ یہاں یونیورسٹیوں کے مزید کیمپس قائم ہونگے اور کسی نئی پالیسی کے اعلان سے قبل کھلی پبلک بحث کی جائے گی اور وسائل کی منصفانہ تقسیم کا پورا خیال رکھا جائے گا۔