عاقب وانی کی طرف سے کشمیری سیاسی نظربندوںکی حالت زار پر اظہار تشویش

جمعرات 4 مارچ 2021 17:05

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 مارچ2021ء) بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموںوکشمیر میںجموںوکشمیر پیپلز ایسوسی ایشن نے بھارت اور مقبوضہ علاقے کی مختلف جیلوں میں غیر قانونی طورپر نظر بند کشمیری سیاسی قیدیوں کی حالت زار پرشدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔کشمیر میڈیاسروس کے مطابق پیپلز ایسوسی ایشن کے چیئرمین عاقب وانی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ سیاسی نمائندوں، وکلاء ، کارکنوںاور مذہبی رہنمائوں سمیت کشمیری سیاسی نظربند مسلسل جیلوںمیں نظربند ہیں اور ان میں سے متعدد جان لیوا امراض میں مبتلا ہیں۔

انہوںنے کہاکہ جیلوںمیں علاج معالجے اور مناسب خوراک جیسی بنیادی سہولتوں کی عدم دستیابی کی وجہ سے ان کی زندگیوں کو شدید خطرہ لاحق ہے ۔ عاقب وانی نے کشمیری نظربندوںکی فوری انسانی ہمدردی کی بنیاد پر رہائی کا مطالبہ کیا۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ کشمیری سیاسی رہنمائوںکی طویل نظربندی سے ظاہر ہوتا ہے کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں اختلاف رائے کی کوئی گنجائش نہیں ہے ۔

پیپلز ایسوسی ایشن کے چیئرمین نے کشمیری سیاسی قیدیوں کی فوری رہائی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ پبلک سیفٹی ایکٹ اور غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے ایکٹ سمیت کالے قوانین کے ذریعے کشمیریوںکے جذبہ حریت کو کمزور نہیں کیا جاسکتا جبکہ ایمنسٹی انٹرنیشنل سمیت انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں نے ان قوانین پر بھارت پر کڑی تنقیدکی ہے ۔

متعلقہ عنوان :