Live Updates

مک گیا تیرا شو نیازی گو نیازی گو نیازی،مظاہرین نے سینیٹر فیصل جاوید کو گھیر لیا

پولیس اور سیکیورٹی بڑی مشکل سے سینیٹر کو گھیرے سے نکال کر گاڑی میں ڈال کر لے جانے میں کامیاب ہوئی،ویڈیو وائرل

Sajjad Qadir سجاد قادر جمعہ 5 مارچ 2021 04:22

مک گیا تیرا شو نیازی گو نیازی گو نیازی،مظاہرین نے سینیٹر فیصل جاوید ..
کراچی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 5 مارچ 2021ء ) یہ کلچر تو پی ٹی آئی نے ہی متعارف کرایا تھا جب کنٹینر پر کھڑے ہو کر عمران خان نے نعرہ بلند کیا تھا کہ مک گیاتیرا شو نواز گو نواز گو نواز،بڑی پذیرائی ملی تھی اس وقت اس نعرے کو مگر حیرت کی بات ہے کہ اس نعرے نے گونواز گو سے گو نیازی گو کا سفر طے کرنے میں محض دو ڈھائی سال کا عرصہ ہی لگایاہے اور انہی لوگوں کے سامنے آن کھڑا ہوا ہے جنہوں نے یہ گڑھے دوسروں کے لیے کھودے تھے۔

عدم برداشت اور جارحانہ سیاست کا بیج عمران خان صاحب نے بویا تھااور جہانگیر ترین نے اپنا جہاز اڑا کر پیسے دے دے کر آزاد اور دیگر پارٹیوں کے جیتے ہوئے اراکین کی بولی لگا کر انہیں حکومتی صفوں میں شامل کر کے عددی برتری حاصل کرتے ہوئے عمران خان صاحب کو ملک کا وزیراعظم بنا دیا تھا۔

(جاری ہے)

اس وقت سیاسی نمائندوں کو خریدنا شاید اچھی بات تھی مگر آج سینیٹ الیکشن میں جب وہی گیم پی ڈی ایم نے دہرا دی اور حکومتی ارکان خرید ڈالے جس کے نتیجے میں حکومت کو ہار ملی تو ووٹوں سے سینیٹرز خریدنا حکومت کی نظر میں گناہ ٹھہرا۔

کہنے کا مطلب یہ ہے کہ جو کلچر پی ٹی آئی نے متعارف کرایا تھاآج وہی سب حکومتی نمائندوں کے ساتھ پیش آ رہا ہے۔اس وقت ن لیگ اور پی پی کے لوگوں پر انڈے،ٹماٹر اور جوتے برسانے کے ساتھ ساتھ سیاہی بھی پھینکی گئی اس پر حکومتی ارکان بغلیں بجاتے تھے اور آج جب گو نیازی گو نیازی کے نعرے بلند ہوئے اور پی ٹی آئی راہنما فیصل جاوید کو لوگوں نے گھیر لیا اور وہ بڑی مشکل سے جان بچا کر اپنی گاڑی تک پہنچے تو نصیب کا پھیر بہت جلدی بدلتا ہے کا ساماں پیدا ہونے والا معاملہ سامنے آ گیا۔


سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ فیصل جاوید کو لوگوں نے گھیر رکھا ہے اور مک گیا تیرا شو نیازی گو نیازی گو نیازی کے نعرے بلند کیے جا رہے ہیں۔جس پر پولیس اور سکیورٹی کے لوگوں نے مشتعل مظاہرین کے نرغے سے انہیں بچا کر ان کی گاڑی میں بٹھایا۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات