Live Updates

9 مئی کے مقدمات کی مدعی ن لیگ یا حکومت نہیں بلکہ ریاست ہے

جن لوگوں کو سزائیں ہوئیں وہ ہائیکورٹ اور سپریم کورٹ جا سکتے ہیں، پاکستان کو 9مئی 2023 نہیں بلکہ 9 مئی 2025 چاہیئے جب پاک فوج نے انڈیا پر قوم کو فتح دی۔ وفاقی وزیر ڈاکٹر طارق فضل چوہدری

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعرات 31 جولائی 2025 21:50

9 مئی کے مقدمات کی مدعی ن لیگ یا حکومت نہیں بلکہ ریاست ہے
اسلام آباد ( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی پی اے ۔31 جولائی 2025ء ) پاکستان مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنماء ، وفاقی وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ 9مئی کے مقدمات کی مدعی ن لیگ یا حکومت نہیں بلکہ ریاست ہے،جن لوگوں کو سزائیں ہوئیں وہ ہائیکورٹ اور سپریم کورٹ جا سکتے ہیں۔انہوں نے جیو نیو زکے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کہا جارہا ہے کہ حکومت اپوزیشن سے خوفزدہ ہے تو گزارش یہ ہے کہ 9مئی کے مقدمات کی مدعی ن لیگ یا حکومت نہیں ہے، 9 مئی مقدمات کی مدعی ریاست ہے، ریاستی ادارے اور عوام مدعی ہے۔

کیونکہ ریاست عوام سے بنتی ہے، یہ مقدمہ عوام کا ہے۔جن لوگوں کو سزائیں ہوئی ہیں وہ ہائیکورٹ اور سپریم کورٹ جا سکتے ہیں۔ قانون نے اپنا راستہ لینا ہوتا ہے، 185 لوگ ملزم تھے جن میں 108 افراد کو سزائیں ہوئیں جبکہ باقی بری بھی ہوئے ہیں ۔

(جاری ہے)

اس سے پہلے بھی سزائیں ہوئیں اورلوگ بری بھی ہوئے ہیں، اس کا مطلب سزائیں ٹھوس ویڈیو اور شواہد کی بنیاد پر سزائیں ہوئیں اور لوگ بری بھی ہوئے ہیں۔

جتنا وقت گزرا ہے اس میں لوگوں کا ٹرائل ہوا ان کو صفائی کا موقع دیا گیا۔ پاکستان کو 9مئی 2023نہیں بلکہ 9 مئی 2025 جیسے حالات چاہئیں جب افواج پاکستان نے انڈیا پر قوم کو فتح دی۔ یاد رہے فیصل آباد میں انسداد دہشت گردی عدالت نے 9 مئی کے مقدمات کا فیصلہ سناتے ہوئے قومی اسمبلی اور سینیٹ میں اپوزیشن لیڈران سمیت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے 108 رہنماؤں اور کارکنوں کو سزائیں سنادیں۔

فیصل آباد کی انسداد دہشت گردی عدالت نے 9 مئی کے مقدمات کا فیصلہ سناتے ہوئے قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب، سینیٹ میں قائد حزب اختلاف شبلی فراز، رکن قومی اسمبلی زرتاج گل، صاحبزادہ حامد رضا، شیخ رشید کے بھیتجے شیخ راشد شفیق کو 10، 10 سال قید کی سزا سنادی۔انسداد دہشت گردی عدالت نے رکن پنجاب اسمبلی جنید افضل ساہی کو 3 سال قید کی سزا سنائی جبکہ مجموعی طور پر 108 ملزمان کو سزائی سنائی گئی ہیں، سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری، زین قریشی اور خیال کاسترو کو مقدمات سے بری کردیا۔

یاد رہے کہ انسداد دہشت گردی عدالت سرگودھا نے گزشتہ ہفتے 22 جولائی کو 9 مئی 2023 کو میانوالی میں احتجاج کے مقدمے میں اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی ملک احمد بچھر سمیت تحریک انصاف کے 32 رہنماؤں اور کارکنوں کو 10،10 سال قید کی سزا سنائی تھی، جس کے بعد الیکشن کمیشن نے احمد بچھر کو نااہل قرار دے دیا تھا، آج پنجاب اسمبلی میں اپویشن کے عہدے کو خالی قرار دے دیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل 21 دسمبر 2024 کو فوجی عدالت نے سانحہ 9 مئی کے کیس میں ملوث 25 مجرموں کو 10 سال تک قید کی سزا سنائی تھی۔ بعدازاں 26 دسمبر 2024 کو فوجی عدالت نے سانحہ 9 مئی 2023 میں ملوث عمران خان کے بھانجے حسان نیازی سمیت مزید 60 مجرمان کو 10 سال تک قید بامشقت کی سزائیں سنادی تھیں۔دریں اثنا، پاک فوج کے کورٹس آف اپیل نے رواں سال 2 جنوری کو سانحہ 9 مئی 2023 کے 19 مجرمان کی سزاؤں میں معافی کا اعلان کردیا تھا۔

یاد رہے کہ 9 مئی 2023 کو القادر ٹرسٹ کیس میں عمران خان کی اسلام آباد ہائی کورٹ کے احاطے سے گرفتاری کے بعد پی ٹی آئی کی طرف سے ملک گیر احتجاج کیا گیا تھا۔اس دوران لاہور کے علاقے ماڈل ٹاؤن میں 9 مئی کو مسلم لیگ (ن) کے دفتر کو جلانے کے علاوہ فوجی، سول اور نجی تنصیبات کو نذر آتش کیا گیا، سرکاری و نجی املاک کو شدید نقصان پہنچایا گیا تھا جب کہ اس دوران کم از کم 8 افراد ہلاک اور 290 زخمی ہوئے تھے۔

مظاہرین نے لاہور میں کور کمانڈر کی رہائش گاہ پر بھی دھاوا بول دیا تھا جسے جناح ہاؤس بھی کہا جاتا ہے اور راولپنڈی میں واقع جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) کا ایک گیٹ بھی توڑ دیا تھا۔اس کے بعد ملک بھر میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ لڑائی، توڑ پھوڑ اور جلاؤ گھیراؤ میں ملوث 1900 افراد کو گرفتار کر لیا گیا تھا جب کہ عمران خان اور ان کی پارٹی رہنمائوں اور کارکنان کے خلاف مقدمات بھی درج کیے گئے تھے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات