سرہند شریف انڈیا میں حضرت مجدد الف ثانیؒ کے سالانہ عرس میں شرکت کیلئے درخواستیں طلب

جمعہ 5 مارچ 2021 12:58

سرہند شریف انڈیا میں حضرت مجدد الف ثانیؒ کے سالانہ عرس میں شرکت کیلئے ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 مارچ2021ء) سرہند شریف انڈیا میں حضرت مجدد الف ثانی ؒکے سالانہ عرس میں شرکت کیلئے درخواستیں طلب کرلی گئی۔وزارتِ مذہبی امور کو درخواست فارم بھیجنے کی آخری تاریخ 20 مارچ، 2021 مقرر کی گئی ہے ۔وزارت مذہبی امور کے مطابق پاکستانی زائرین کی عرس میں شرکت دونوں ملکوں میں کورونا وبا کی صورتحال سے مشروط ہو گی۔

پاکستان سے 2 سو زائرین حضرت مجدد الف ثانیؒ کے عرس میں شرکت کریں گے۔

(جاری ہے)

کورونا وباء کے باعث فروری 2020ء کے بعد سے پاکستانی زائرین کی روانگی التوا کا شکار ہے ۔پاک بھارت کے مابین 1974ء کے معاہدے کے تحت مذہبی سیاحتی وفود کا تبادلہ جاری ہے ۔معاہدے کے تحت پاکستانی زائرین کی بھارت روانگی کا انتظام وزارتِ مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی کرتی ہے ۔بھارت سے آنے والے سکھ اور ہندو یاتریوں کی دیکھ بھال وزارت کے ذیلی ادارے متروکہ وقف املاک کے سپرد ہے ۔بھارت سے ہر سال سینکڑوں سکھ اور ہندو پاکستان میں اپنے مقدس مقامات کی زیارت کرتے ہیں ۔وزارتِ مذہبی امور کے مطابق معاہدے کے تحت پاکستانی مسلم زائرین بھارت میں اولیاء کرام کے مزارات پر حاضری دیتے ہیں۔