کراچی :پاکستان عوامی تحریک کی نظام بدلو بائیک ریلی

ملک کا سب سے بڑا دشمن موجودہ کرپٹ نظام ہے وقت آگیا ہے کرپٹ نظام کا خاتمہ کیا جائے،خرم نوازگنڈا پور

منگل 23 مارچ 2021 19:07

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 مارچ2021ء) پاکستان عوامی تحریک نے نظام بدلو تحریک کا آغاز کر دیا ۔اس سلسلے میں پاکستان عوامی تحریک کراچی کے زیر اہتمام تاریخ نظام بدلو بائیک ریلی سہراب گوٹھ تا مزار قائد ہوئی جس کی قیادت مرکزی سیکرٹری جنرل پاکستان عوامی تحریک خرم نواز گنڈا پور،قاضی زاہد حسین،مشتاق صدیقی،رائو کامران محمود نے کی ۔

ریلی میں ہزاروں افراد نے شرکت کی جو موٹر سائیکلوں ،کاروں پر سوار تھے۔ریلی کا آغاز سہراب گوٹھ سے ہوا پاکستان عوامی تحریک کے قائدین نے واٹر پمپ،عائشہ منزل،کریم آباد،لالوکھیت،تین ہٹی اور گرومندر پر خطابات کئے جبکہ مرکزی قائدین نے مزار قائد پہنچ کر اختتام پر خطابات کئے۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مرکزی سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور،مرکزی صدر قاضی زاہد حسین،صوبائی صدر مشتاق صدیقی،جنرل سیکرٹری رائو کامران محمود نے کہا PATنے الیکشن سے قبل قوم کو آگاہ کر دیا تھا موجودہ نظام انتخاب کے تحت کبھی تبدیلی نہیں آئے گی ملک کا سب سے بڑا دشمن موجودہ کرپٹ نظام ہے ۔

(جاری ہے)

قوم استحصالی نظام میں جکڑی ہوئی ہے آج کا پاکستان اقبال اور قائد کے خوابوں کی تعبیر سے کوسوں دور کھڑا ہے۔پاکستان کی تکمیل تب ہو گی جب یہاں کا کرپٹ ظالمانہ نظام بدلے گا انصاف،تعلیم ،روزگار قوم کو دہلیز پر ملے گا۔پاکستان عوامی تحریک کسی جماعت کی مخالف نہیں بلکہ کرپٹ نظام کا خاتمہ چاہتی ہے جو اس ملک و قوم کا سب سے بڑا دشمن ہے ۔ حکمرانوں کی ناکام پالیسیوں کی وجہ سے ملک قرضوں کی دلدل میں مزید پھنستا جا رہا ہے مہنگائی نے قوم سے جینے کا حق بھی چھین لیا ہے،انصاف ناپید ہے ،طاقتور مجرموں کو آزادی دے دی گئی غریب جیلوں میں سڑ رہے ہیں ملک میں امیر اور غریب کا قانون الگ الگ ہے ۔

موجودہ اور سابقہ حکومتوں کے صرف ناموں میں فرق ہے ورنہ کام سب کے ایک جیسے ہیں ۔ملک کا سزا یافتہ سب سے بڑا چور مجرم لندن میں عیاشیاں کر رہا ہے اور وہاں بیٹھ کر قومی سلامتی کے اداروں کے خلاف زہر اگل رہا ہے نواز شریف الطاف حسین کے نقش قدم پر چلتے ہوئے وطن عزیز کو کمزور کرنے کی سازشوں میں مصروف ہے اس کے کارندے ملک میں رہتے ہوئے ریاست پاکستان کے خلاف زبان درازی کر رہے ہیں مگر قانون کمزور ہے جو صرف کمزور کو سزا دے سکتا ہے ۔

انھوں نے وزیر اعظم پاکستان عمران خان اور معزز عدلیہ سے سوال کیا سات سال ہو گئے ریاستی دہشت گردی میں شہید کئے جانے والے 14شہریوں کو انصاف کب ملے گا سانحہ ماڈل ٹائون کے لواحقین سات سالوں سے انصاف کیلئے ٹھوکریں کھا رہے ہیں ۔انھوں نے کہا ہم سانحہ ماڈل ٹائون کو بھولے نہیں ہم قصاص لے کر رہیں گے ۔ہم معزز عدلیہ اور حکومت پاکستان سے درخواست اور مطالبہ کرتے ہیں سانحہ ماڈل ٹائون کے شہداء کے لواحقین کو فی الفور انصاف دیا جائے ۔

ان قائدین نے افسوس کا ظہار کرتے ہوئے کہا سانحہ ماڈل ٹائون کے نامزد ملزمان کوسزا کے بجائے موجودہ حکومت نے اعلیٰ عہدوں سے نوازا ہے انہیں فی الفور عہدوں سے ہٹایا جائے۔ان قائدین نے مزید کہا سابقہ ادوار کی طرح موجودہ دورِ حکومت میں بھی وطن عزیز مسائل ،پریشانیوں ،قرضوں،مہنگائی،بے روز گاری،لاقانونیت،بیڈ گورنس،افراتفری کا شکار ہے ۔

مختلف ناموں سے قوم کو بیوقوف بنانے کا یہ سلسلہ78سالوں سے مختلف چہرے بدل بدل کر ایسے ہی چلتا آرہا ہے۔ قائد انقلاب ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے پاکستان عوامی تحریک کے پلیٹ فارم سے قوم کو چہرے بدلنے کے بجائے تبدیلی نظام کا جو شعور دیا اس پر عمل کیئے بغیر ملک حقیقی منزل کی جانب کبھی گامزن نہیں ہوسکتا۔ریلی سے خطاب کرتے ہوئے علامہ نعیم انصاری،وسیم اختر،نثار سومرو نے کہا آج پاکستان کے تمام باشعور شہری،پڑھا لکھا طبقہ،صحافی حضرات، عدلیہ اور خودوزیر اعظم تک یہ کہہ رہے ہیں کہ کرپٹ نظام بدلے بغیر اس ملک کوٹھیک نہیں کیا جاسکتا۔

ڈاکٹر طاہرالقادری اور پاکستان عوامی تحریک نے پچھلے 32سالوں سے قوم کو نظام بدلنے کا جو شعور دیا اسکے بعد صورتحال یہ ہے کہ اب بیماری کا سب کو پتہ ہے مگر علاج کیلئے کوئی اس لیئے تیار نہیں کہ تمام کرپٹ لوگوں کے مفادات اسی ظالم ، فرسودہ اور عوام دشمن نظام سے وابستہ ہیں ۔پاکستان عوامی تحریک کا روز اول سے یہی مقصد اور کوشش ہے کہ اس ملک کا کرپٹ نظام بدلے جس کیلئے پاکستان عوامی تحریک نے دو بار تاریخ ساز دھرنے دیئے جسکی پاداش میں ہمارے کارکنان بے دریغ شہید کئے گئے ،ہزاروں کو جیلوں میں ڈالا گیا ،سینکڑوں مقدمات بنائے گئے اور وہ مقدمات اب تک چل رہے ہیں ۔

ہم نے اس ملک میں نظام بدلنے کیلئے لا زوال جانی ،مالی قربانیاں دی ہیں اور اب تک ہماری بیداری شعور کی مہم جاری ہے ۔سینیٹ الیکشن میںدھن دھونس اور دھاندلی پر مبنی نظام ِ سیاست کی حقیقت پوری قوم نے دیکھی۔ جب تک نظام کی جگہ صرف چہرے بدلتے رہیں گے اس ملک اور قوم کی تقدیر کبھی نہیں بدل سکتی۔ کراچی منی پاکستان اور پاکستان میں سب زیادہ روز گار اور ٹیکس دینے والا شہر ہے اس شہر کے ساتھ جو سلوک پچھلے پچاس سالوں سے ہو رہا ہے اسکا انجام کھنڈر سڑکوں،تباہ حال سیوریج سسٹم،کے ای ایس سی کے مظالم،کچرے کے انبار،بہتے گٹرز،اسٹریٹ کرائم ،ٹرانسپورٹ کی کمی،پانی کا بحران،صحرا نما پارکس ،چائینہ کٹنگ،زمینوں پر قبضہ ،قتل و غارت گری،بھتہ خوری کی صورت میں ہمارے سامنے ہے ۔

کراچی کی تباہی کے زمہ دار وہی لوگ ہیں جنھوں نے اس شہر اور صوبے پر حکومت کی۔ مردم شماری میں کراچی کی گنتی ہمیشہ متنازعہ رہی ہے، اس شہر کے ساتھ ہمیشہ سوتیلا سلوک کیا جاتا رہا ہے اب پاکستان عوامی تحریک کراچی اہلیان کراچی کو تنہا نہیں چھوڑے گی۔ کراچی کے مسائل پر ہم خیال جماعتوں سے مل کر تحریک چلائے گی۔اس موقع پر صاحبزادہ ثاقب نوشاہی،اطہر جاوید صدیقی ،رائو محمد طیب،عطاء الرحمان ہاشمی،نوید عالم،الیاس مغل،ساجدہ جبین،عدنان رئوف انقلابی،بشیر خان مروت،سید مزرق حسین شاہ،عالم بادشاہ ایڈوکیٹ و دیگر موجود تھے۔