Live Updates

مریم نواز کے شریف خاندان کی ضبط جائیداد سے حصہ کے مطالبے پر نیب کا ردعمل

ضبط شدہ جائیدادوں کو کسی صورت تقسیم نہیں کیا جا سکتا، قانون میں اس کی گنجائش نہیں، مریم نواز کے شریف خاندان کی ضبط جائیداد سے حصے کے مطالبے کو نیب نے مسترد کر دیا

Danish Ahmad Ansari دانش احمد انصاری ہفتہ 27 مارچ 2021 20:38

مریم نواز کے شریف خاندان کی ضبط جائیداد سے حصہ کے مطالبے پر نیب کا ردعمل
کراچی (اُردو پوائنٹ، تازہ ترین اخبار،27 مارچ 2021) مریم نواز کے شریف خاندان کی ضبط جائیداد سے حصہ کے مطالبے پر نیب کا ردعمل سامنے آ گیا ۔ تفصیلات کے مطابق مریم نواز نے شریف خاندان کی ضبط شدہ جائیدادوں کو تقسیم کر کے اُس میں سے اُن کے حصے کا مطالبہ کیا تھا۔ جس کے ردعمل میں نیب نے مریم نواز کی درخواست مسترد کر دی اور اور موقف اختیار کیا کہ ضبط شدہ جائیدادوں کو کسی صورت تقسیم نہیں کیا جا سکتا، قانون میں اس کی گنجائش نہیں۔

اس سلسلے میں نیب نے مریم نواز کی درخواست پر اپنا جواب احتساب عدالت میں جمع کرا دیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ نیب نے اپنے جواب میں یہ موقف اختیار کیا ہے کہ مری، ایبٹ آباد میں جائیدادیں ریکارڈ کے مطابق کلثوم نواز کے نام ہیں، نواز شریف نے ان جائیدادوں کو اپنے ویلتھ اسٹیٹمنٹ میں ظاہر کیا، اور ایف بی آر ڈیکلیریشن میں کلثوم نواز کو زیر کفالت ظاہر کیا۔

(جاری ہے)

نیب نے کہا ہے کہ ضبط شدہ جائیدادوں کو تقسیم نہیں کیا جا سکتا، اس لیے احتساب عدالت مریم نواز کی درخواست مسترد کرے۔واضح رہے کہ مریم نواز نے توشہ خانہ ریفرنس میں ضبط جائیداد سے حصہ لینے کے لیے درخواست دی تھی، یہ پراپرٹی مری ایبٹ آباد میں ہے، جسے احتساب عدالت ضبط کر چکی ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ برس مارچ میں نیب کی جانب سے دائر کیے گئے توشہ خانہ ریفرنس کے مطابق آصف زرداری اور نواز شریف نے پیپلز پارٹی کے دور حکومت میں اس وقت کے وزیراعظم یوسف رضا گیلانی سے غیرقانونی طور پر وہ گاڑیاں حاصل کیں جو غیر ملکی سربراہان مملکت کی جانب سے انہیں بطور سربراہ مملکت تحفتاً دی گئی تھیں لیکن قانون کے مطابق عہدے پر ملنے والے غیر ملکی تحائف قومی خزانے کی ملکیت ہوتے ہیں اور ان پر ذاتی حق دعویٰ نہیں کیا جا سکتا۔

ایسے تمام تحائف کو توشہ خانہ میں جمع کروا دیا جاتا ہے۔ تاہم نواز شریف کو دوست ملک کی جانب سے دی گئی مرسڈیز پیپلز پارٹی کے دور حکومت میں صرف چھ لاکھ کے عوض توشہ خانہ سے دے دی گئی۔احتساب عدالت نے توشہ خانہ ریفرنس میں سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کی جائیداد اور اثاثوں کی ضبطگی کا حکم دیا تھا-
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات