غیر قانونی بھارتی اقدامات سے جموںوکشمیر کی متنازعہ حیثیت پر کوئی فرق نہیں پڑے گا، یوسف نقاش

بدھ 7 اپریل 2021 22:49

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 اپریل2021ء) بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموںوکشمیر میں اسلامک پولیٹیکل پارٹی کے چیئرمین محمد یوسف نقاش نے کہا کہ 370اور 35اے کی دفعات کو ختم کرنے کا یکطرفہ بھارتی اقدام نہ صرف آئین اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کی سراسر خلاف ورزی ہے بلکہ اس سے پاکستان اور بھارت کے دوطرفہ معاہدے بھی متاثر ہو گئے ہیں۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق محمد یوسف نقاش نے سرینگر سے جاری ایک بیان میںکہا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرار دادوں کا مقصدکشمیریوںکو انکا ناقابل تنسیخ حق ، حق خود ارادیت دینا ہے اور پاکستان اور بھارت نے ان قراردادوں کی توثیق کی ہے اور پوری دنیا نے انہیں تسلیم کیا ہے ۔ انہوںنے کہا کہ بھارت مقبوضہ علاقے میں یکطرفہ اقدام اور جابرانہ ہتھکنڈوں کے ذریعہ اپنے وعدوں کی بھی دھجیاں اڑا رہا ہے ۔

(جاری ہے)

انہو ںنے کہا کہ غیر قانونی بھارتی اقدامات سے جموںوکشمیر کی متنازعہ حیثیت پر کوئی فرق نہیں پڑے گا۔ محمدیوسف نقاش نے کہا کہ بھارت کے پاس مقبوضہ جموںوکشمیر کی5 اگست 2019 سے پہلے کی پوزیشن بحال کرنے اور مسئلہ کشمیر کواقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے ذریعے حل کرنے کے سوا کوئی اور راستہ موجود نہیں ہے۔انہوںنے کہا کہ بھارت میں راشٹریہ سوائم سیوک سنگھ کی ہندو توا ذہنیت سے غاصب اور آمرانہ فاشزم کا رحجان اب زیادہ شدت کے ساتھ جنم لے رہا ہے جو اقوام متحدہ کے کثیرالجہتی فریم ورک اور مقاصد کے لئے سنگین ممکنہ خطرہ ہے۔

انہوںنے مزید کہا کہ اقوام متحدہ کے قیام کا مقصد دنیا کو درپیش مسائل اور تنازعات کو حل کرنا تھا لہذا اسے کشمیر ، فلسطیں اور دیگر عالمی تنازعات حل کرکے اپنے مینڈیٹ پر عمل پیرا ہونا چاہئے۔