پاکستان کا روس کے اشتراک سے کرونا ویکسین مقامی سطح پر تیار کرنے کا فیصلہ

پاکستان نے روسی وفود سے ملاقات کے بعد مقامی سطح پر روس کے اشتراک سے کورونا ویکسین تیار کرنے کافیصلہ کیا ہے، ذرائع

Danish Ahmad Ansari دانش احمد انصاری بدھ 7 اپریل 2021 23:21

پاکستان کا روس کے اشتراک سے کرونا ویکسین مقامی سطح پر تیار کرنے کا فیصلہ
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار، 7اپریل 2021) روسی وزیر خارجہ سے ملاقات کے بعد وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان روس کے اشتراک سے کرونا ویکسین تیار کرے گا۔ تفصیلات کے مطابق روس کے وزیر خارجہ سرگئی لاروف سے ملاقات کے بعد پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان نے روسی وفود سے ملاقات کے بعد مقامی سطح پر روس کے اشتراک سے کورونا ویکسین تیار کرنے کافیصلہ کیا ہے۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ پاکستان نے روس کے اشتراک سے مقامی سطح پر روسی کرونا ویکسین اسپوتنک V کی تیاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ بدھ کو پاکستانی اور روسی وفود کے درمیان مذاکرات ہوئے، روسی فیڈریشن کے وزیر خارجہ سرگئی لاروف اور شاہ محمود قریشی نے بعد ازاں پریس کانفرنس سے خطاب کیا۔

(جاری ہے)

وزیر خارجہ پاکستان نے سرگئی لاروف کے دورہ پاکستان سے متعلق بیان دیتے ہوئے کہا روسی وزیر خارجہ کا یہ دورہ غیر معمولی نوعیت کا تھا، ہمارے وفود کی سطح پر مذاکرات انتہائی مثبت اور سود مند رہے، اور آئندہ دنوں میں اس کے دو طرفہ تعلقات پر دور رس اثرات مرتب ہوں گے۔

شاہ محمود نے کہا ہم نے مذاکرات میں روس کے اشتراک سے اسپتونک V ویکسین کی مقامی سطح پر تیاری پر غور کیا، یہ ویکسین پاکستان میں رجسٹرڈ ہے، اس کے اچھے نتائج سامنے آ رہے ہیں، روس صحت کی سہولیات کے حوالے سے ایک ایڈوانس ملک ہے، اب روس کے اشتراک سے اس ویکسین کی مقامی سطح پر تیاری کے پہلوو¿ں غور کر رہے ہیں اور بہت جلد اس کی پاکستان میں تیاری ممکن بنائیں گے۔

واضح رہے کہ دنیا بھر میں کورونا کیسز تیزی سے بڑھ رہے ہیں، جس کی وجہ سے ویکسین کی ڈیمانڈ میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ پوری دنیا میں کورونا ویکسین کی قلت ہو گئی ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے اس حوالے سے اپنے ایک بیان میں کہا کہ جن ممالک سے ہم نے کورونا ویکسین کے آرڈر دیے، ان کی جانب سے کوئی جواب نہیں آ رہا ہے۔ ایسے میں پاکستان کے روس کے اشتراک سے مقامی سطح پر کورونا ویکسین تیار کرنے سے فائدہ ہو گا۔