رمضان المبارک کا چاند دیکھنے کیلئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس پشاور میں طلب

مولانا عبد الخبیر آزاد پہلی مرتبہ اجلاس کی صدارت کریں گے، چاند کی رویت کا حتمی فیصلہ رویت ہلال کمیٹی ہی کرے گی، وفاقی وزیر فواد چوہدری نے بھی اتفاق کر لیا

muhammad ali محمد علی جمعرات 8 اپریل 2021 00:31

رمضان المبارک کا چاند دیکھنے کیلئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس پشاور ..
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 07 اپریل2021ء) رمضان المبارک کا چاند دیکھنے کیلئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس پشاور میں طلب، مولانا عبد الخبیر آزاد پہلی مرتبہ اجلاس کی صدارت کریں گے، چاند کی رویت کا حتمی فیصلہ رویت ہلال کمیٹی ہی کرے گی، وفاقی وزیر فواد چوہدری نے بھی اتفاق کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان سمیت دنیا بھر میں رمضان المبارک کے آغاز میں بھی کم وقت باقی رہ گیا۔

فرزندان اسلام رمضان المبارک کے آغاز کا بھی بے صبری سے انتظار کرنے لگے ہیں۔ اسلامی ممالک میں اسلامی تہوار بہت زیادہ مذہبی جوش و خروش سے منائے جاتے ہیں۔ تاہم سب سے زیادہ اہمیت رمضان المبارک کی ہوتی ہے ۔ماہِ رمضان کو تمام اسلامی مہینوں میں فضیلت حاصل ہے۔ یہ رحمتوں ، برکتوں اور فضائل سے بھرا مہینہ مسلمانوں کی شفاعت و مغفرت اور نیکیاں سمیٹنے کا مہینہ ہے، روح کی پاکیزگی حاصل کرنا بھی اس مہینے میں ممکن ہو جاتا ہے، یہی وجہ ہے کہ مومنین کو اس مہینے کا بے تابی سے انتظار ہوتا ہے۔

(جاری ہے)

پاکستان میں وزارت سائنس و ٹیکنالوجی کے ہجری کلینڈر کے مطابق ملک میں رمضان المبارک کا آغاز 14 اپریل بروز بدھ سے ہوگا۔ جبکہ طویل عرصے بعد رمضان کا چاند دیکھنے کیلئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس پشاور میں طلب کیا گیا ہے۔ اس حوالے سے چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مولانا عبد الخبیر آزاد نے کہا ہے کہ پاکستان کے چاروں صوبوں کے دورے کئے، رویت ہلال کمیٹی کا پہلا اجلاس خیبر پختونخوامیں کرنے جا رہے ہیں، تمام مکتبہ فکر کے علماء کرام سے رابطے کئے، پوری قوم کو ایک ہی روز عید اور روزہ کرانے کے لئے کوشش جاری ہے، تمام علماء اور مشائخ کی بھی یہی خواہش ہے۔

چئیرمین رویت ہلال کمیٹی کے مطابق ہمارا مقصد ملک میں اتفاق رائے اور وحدت کو پیدا کرنا ہے، حکومت پاکستان اور وزارت مذہبی امور ہمارے ساتھ ہے، قوم کی امیدیں ہم سے ہیں اور اللہ ہمیں اس میں سرخرو کرے، علماء کرام اور عوام ہمارا ساتھ دیں۔ 13 اپریل کو پشاور میں ہونے والے اجلاس میں تعاون درکار ہے، مرکزی کمیٹی پشاور میں جبکہ ملک کے دیگر حصوں میں زونل کمیٹیاں بیٹھیں گی۔

وزارت سائنس و ٹیکنالوجی کیساتھ چاند کی رویت کے تنازعے کے حوالے سے مولانا عبد الخبیر آزاد کا کہنا ہے کہ فواد چوہدری کے ساتھ ملاقات کی جس میں ٹیکنیکل سپورٹ جاری رکھنے پر اتفاق ہوا، روزے اور چاند کا فیصلہ رویت ہلال کمیٹی ہی کرے گی۔ فواد چوہدری نے رویت ہلال کمیٹی کی جانب سے اعلان پر اتفاق کیا اور فیصلہ کیا گیا کہ وزارت سائنس و ٹیکنالوجی صرف ٹیکنکل سپورٹ دے گی۔