ضد چھوڑیں ‘ عوام پر رحم کھا کر استعفی دیں اور گھر جائیں ، بلاول بھٹو زرداری

حالیہ تھنک ٹینکس کی رپورٹ بتاتی ہے معیشت سخت سست روی کا شکار ہے ، ہر مہینے مہنگائی میں اضافے کی شرح خود اپنا ریکارڈ توڑ رہی ہے ، وزرائے خزانہ کی تبدیلی سے عوام کی تکلیفوں میں کوئی کمی نہیں آسکتی ، چیئرمین پیپلزپارٹی کا بیان

Sajid Ali ساجد علی بدھ 21 اپریل 2021 17:07

ضد چھوڑیں ‘ عوام پر رحم کھا کر استعفی دیں اور گھر جائیں ، بلاول بھٹو ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 21 اپریل2021ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ حالیہ تھنک ٹینکس کی رپورٹ بتاتی ہے معیشت سخت سست روی کا شکار ہے ، ہر مہینے مہنگائی میں اضافے کی شرح خود اپنا ریکارڈ توڑ رہی ہے ، وزرائے خزانہ کی تبدیلی سے عوام کی تکلیفوں میں کوئی کمی نہیں آسکتی ، وزیر اعطم عمران خان ضد چھوڑیں ‘ عوام پر رحم کھا کر استعفی دیں اور گھر جائیں۔

تفصیلات کے مطابق اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ عمران خان عوام سے دشمنی کررہے ہیں ، عمران خان نے جس رمضان پیکج کا اعلان کیا تھا، وہ کہیں نظر نہیں آرہا ، عمران خان کے ہر چیز کی نگرانی کے اعلان کے بعد مہنگائی میں اضافہ تشویش ناک ہے ، رمضان میں گھی ، آٹا اور16اشیاکی قیمتوں میں اضافہ حکومتی نااہلی ہے ، ملکی مسائل کاحل حکومت کے بس کی بات نہیں ہے جب کہ رمضان میں مہنگائی نے عوام کی کمر توڑدی اور سلیکٹڈحکومت نےعوام کودیوارسےلگانےمیں کوئی کسرنہیں چھوڑی۔

(جاری ہے)

خیال رہے کہ ماہ رمضان آتے ہی ملک میں مہنگائی میں اضافہ ہوگیا اور مہنگائی کی ہفتہ وار شرح 18 اعشاریہ 89 فیصد تک پہنچ گئی ، ملک میں رمضان المبارک کے آغاز میں ہی مہنگائی کی ہفتہ وار شرح میں 0.54 فیصد اضافہ ہوگیا اور مہنگائی کی ہفتہ وار شرح 18 اعشاریہ 89 فیصد تک پہنچ چکی ہے ، ہفتے بھر میں ٹماٹر ، آلو ، چکن ، گھی سمیت 16 اشیاء مہنگی ہوئیں اور لہسن اور دالوں سمیت 11 مصنوعات کی قیمتوں میں معمولی کمی آئی جب کہ 24 کے نرخ مستحکم رہے۔

بتایا گیا ہے کہ ملک میں کیلے 16 روپے مہنگے ہوکر 120 روپے فی درجن ، آلو 3 روپے مہنگے ہوکر 56 روپے کلو ، ٹماٹر کی قیمت 7روپے بڑھ کر 55 روپے فی کلو رہی ، کراچی میں دہی بھی سب سے مہنگا 200 روپے کلو تک پہنچ گیا ، مختلف شہروں میں دودھ کے دام 130 روپے فی لٹر رہے ، جب کہ زندہ برائلر چکن 242 سے 320 روپے کلو میں فروخت ہوا ، ملک کے مختلف شہروں میں چینی 85 سے 110 روپے کلو میں فروخت ہوئی ، لاہور میں چینی سب سے مہنگی 110 روپے میں جب کہ راولپنڈی میں 105 روپے فی کلو میں فروخت ہوئی ، وفاقی دارالحکومت اسلام آباد ، کراچی، کوئٹہ، پشاور میں چینی کا ریٹ 100 روپے فی کلو رہا ، اس کے علاوہ ٹیلی فون کال بھی ساڑھے 15 فیصد مہنگی ہوگئی جس کے چارجز ایک روپے 79 پیسے تک پہنچ گئے۔