حکومت کے بعد پیپلزپارٹی نے بھی بشیر میمن کے الزامات پر سوالات اٹھادیے

ہم بشیر میمن کے کردار کو بھی شک کی نگاہ سے دیکھتے ہیں ، بشیر میمن پر بہت سے سوالیہ نشان ہیں ریٹائرمنٹ پر ہی کیوں ایسی باتیں ہوتی ہیں ، چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کی پریس کانفرنس

Sajid Ali ساجد علی جمعہ 30 اپریل 2021 17:14

حکومت کے بعد پیپلزپارٹی نے بھی بشیر میمن کے الزامات پر سوالات اٹھادیے
کراچی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 30 اپریل2021ء ) حکومت کے بعد پاکستان پیپلزپارٹی نے بھی بشیر میمن کے الزامات پر سوالات اٹھادیے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ بشیر میمن نے جو باتیں کی ہیں ایسا نہیں ہونا چاہئے ہم مذمت کرتے ہیں لیکن بشیر میمن پر بہت سے سوالیہ نشان ہیں ریٹائرمنٹ پر ہی کیوں ایسی باتیں ہوتی ہیں ، اس لیے ہم بشیر میمن کو بھی شک کی نگاہ سے دیکھتے ہیں کیوں کہ سپریم کورٹ نے بشیر میمن کو اصغر خان کیس کو فالو کرنے کو کہا جبکہ وہ میرے لانڈری اور ناشتے کے پیچھے پڑ گیا ، بشیر میمن بتائیں کہ کس کے کہنے پر اصغر خان کیس کا پیچھا چھوڑا اور میرا پیچھا کرنا شروع کیا ، اس کی بناء پر ہم بشیر میمن کے کردار کو بھی شک کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔

(جاری ہے)

قبل ازیں وزیر اعظم عمران خان کے معاون خصوصی شہباز گل نے کہا کہ ایف آئی اے کے سابق سربراہ بشیر میمن کی جانب سے وزیراعظم کے خلا ف بغیر ثبوت کے الزامات عائد کیے گئے ، بشیر میمن بتائیں آپ کے پاس ثبوت ہیں جو وزیراعظم نے کہا؟ عمران خان نے بشیر میمن کوجو کام کرنے کی بات کی تھی وہ کابینہ کے سامنے کی۔ انہوں نے کہا کہ وزیرستان میں ٹیکس سے بچنے کے لیے ملز لگائی جاتی ہیں ، کیا ایف آئی اے کو تحقیقات نہیں کرنی چاہیے؟ کیا بشیر میمن نے اپنی پوزیشن کو استعمال کرکے اپنے بیٹے کے کاروبار کو فائدہ نہیں دیا؟ ان کو معلوم تھا کہ یہ ساری چیزیں سامنے آئیں گی ان ساری باتوں کی تحقیقات ہوں گی اور بشیر میمن کو اس کا جواب دینا پڑے گا ، بشیر میمن بتائیں کیا ان کی کوکنگ آئل اور بناسپتی گھی کی کمپنی ہے؟ بشیر میمن بتائیں کیا جنوبی وزیرستان میں 3 ملیں ہیں ، بشیر میمن بتائیں کیا ان کی کمپنی لاہور، فیصل آباد اور سند ھ میں ملز پال آئل درآمد کرتی ہیں ، عدالت نے بشیر میمن کے بیٹے کو منع کیا کہ جعلی نام کے ساتھ گھی نہ بیچیں۔

معاون خصوصی شہباز گل کے مطابق کہا گیا کہ بشیر میمن کے بیٹے کی کمپنی پر چھاپے مارے گئے ، جب عدالتی حکم پر چھاپہ پڑا تو کہا گیا ہماری تو پروڈکشن ہی نہیں ہو رہی جب کہ رسیدوں سے ثابت ہوتا کہ گھی دکانوں پر بک رہا ہے ، اگر گھی بک رہا ہے تو پروڈکشن کہاں ہورہی ہےَ؟