وزیر اعظم سے ولی عہد کی ملاقات کا ماحول انتہائی دوستانہ تھا ،سعودی ولی عہد نے ہمیں سعودی عرب کے وژن کے خدوخال سے تفصیلاً آگاہ کیا ،وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی میڈیاسے گفتگو

ہفتہ 8 مئی 2021 12:56

وزیر اعظم سے ولی عہد کی ملاقات کا ماحول انتہائی دوستانہ تھا ،سعودی ..
جدہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 مئی2021ء) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ وزیر اعظم سے ولی عہد کی ملاقات کا ماحول انتہائی دوستانہ تھا ،سعودی ولی عہد نے ہمیں سعودی عرب کے وژن کے خدوخال سے تفصیلاً آگاہ کیا ،وژن کو عملی جامہ پہنانے کیلئے اگلے دس سال کے دوران، دس ملین افرادی قوت درکار ہو گی ، پاکستانی ورک فورس کی گذشتہ خدمات کو مدنظر رکھتے ہوئے، مطلوبہ ورک فورس کا زیادہ حصہ پاکستان سے لیا جائیگا، روزگار کے مواقعوں ،کے حوالے سے پاکستانیوں کیلئے ایک بہت بڑی خبر ہے ، سعودی عرب سے پانچ معاہدوں پر دستخط ہوئے ہیں ،معاہدے کی رو سے سعودی عرب پاکستان کو سعودی ڈویلپمنٹ فنڈ سی500 ملین ڈالر کی رقم فراہم کرے گا ، ولی عہدنے دورہ پاکستان کی دعوت قبول کرلی ، عید کے بعد سعودی عرب کا وفد پاکستان آئیگا ۔

(جاری ہے)

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے جدہ میں وزیر اعظم کے دورہ سعودی عرب کے حوالے سے خصوصی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ میں اس وقت جدہ میں ہوں وزیر اعظم عمران خان کی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے ساتھ ملاقات ہوئی ہے جس میں ان کی کابینہ کے اہم اراکین بھی موجود تھے ،میری سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان آل سعود کے ساتھ بھی نشست ہوئی ہے ۔

انہوںنے کہاکہ مجھے یہ بتاتے ہوئے بہت خوشی محسوس ہو رہی ہے کہ ان ملاقاتوں کا ماحول انتہائی دوستانہ تھا اور جو گرمجوشی دکھائی دے رہی تھی اس سے مستقبل کی راہوں کا تعین واضح دکھائی دیتا ہے ،اس دورہ سعودی عرب کے دوران، ولی عہد، خود وزیر اعظم عمران خان کا خیر مقدم کرنے، تشریف لائے ،وفود کی سطح پر مذاکرات کے بعد ہماری ایک سمال گروپ ملاقات ہوئی ، ملاقات میں وزیر اعظم عمران خان، آرمی چیف اور میں خود موجود تھا ،اس ملاقات میں افغان امن عمل سمیت خطے کی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا سعودی وزیر خارجہ نے خطے میں ان کی حالیہ آؤٹ ریچ کے حوالے سے اعتماد میں لیا ، وزیر اعظم عمران خان اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے درمیان ایک مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہوئے ہیں ،معاہدے کی رو سے سعودی عرب اور پاکستان کے مابین ایک اعلیٰ سطحی کوآرڈینیشن کونسل کا قیام معرض وجود میں آئے گا جس کے تحت ہمارے درمیان مستقبل میں ادارہ جاتی سطح پر ایک سٹرکچرڈ انگیجمنٹ پلان ترتیب دیا گیا ہے ہم نے باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں، بالخصوص توانائی، اقتصادی تعاون، سرمایہ کاری اور روزگار کے مواقعوں میں آگے بڑھنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے ،سعودی ولی عہد نے ہمیں سعودی عرب کے وژن کے خدوخال سے تفصیلاً آگاہ کیا ان کے مطابق اس وژن کو عملی جامہ پہنانے کیلئے انہیں اگلے دس سال کے دوران، دس ملین افرادی قوت درکار ہو گیانہوں نے فیصلہ کیا ہے کہ پاکستانی ورک فورس کی گذشتہ خدمات کو مدنظر رکھتے ہوئے، اس مطلوبہ ورک فورس کا زیادہ حصہ پاکستان سے لیا جائے گا روزگار کے مواقعوں کے حوالے سے یہ پاکستانیوں کیلئے ایک بہت بڑی خبر ہے ۔

انہوںنے کہاکہ پانچ اہم معاہدوں پر دستخط ہوئے ،ایک معاہدہ وزیر اعظم عمران خان اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے درمیان کوآرڈینیشن کونسل کے قیام کے حوالے سے ہوا،دو معاہدے باالترتیب قیدیوں کے تبادلے اور جرائم کی بیخ کنی کے حوالے سے طے پائے جن پر وزیر خارجہ شیخ رشید صاحب نے دستخط کئے ،دو معاہدوں پر میں نے دستخط کئے ان میں سے ایک معاہدہ انسداد منشیات کے حوالے سے تھاجبکہ دوسرے معاہدے کی رو سے سعودی عرب پاکستان کو سعودی ڈویلپمنٹ فنڈ سی500 ملین ڈالر کی رقم فراہم کرے گا ،اس رقم کو پاکستان میں انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ، آبی وسائل کی ترقی اور ہائیڈرو پاور ڈویلپمنٹ کیلئے خرچ کیا جائے گا ،ہم نے او آئی سی اور اس کی آئندہ سمت کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا،وزیر اعظم عمران خان نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے دورہ پاکستان کا حوالہ دیتے ہوئے باور کرایا کہ ان کے دورے کے نتیجے میں جو گٴْڈ-وِل پیدا ہوئی اس کے نقوش آج پاکستانیوں کے دلوں میں تازہ ہیں ،وزیر اعظم عمران خان نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کو دورہ پاکستان کی دعوت دی جو انہوں نے شکریے کے ساتھ قبول کی،میں نے بھی اپنے سعودی ہم منصب کو جلد پاکستان آنے کی دعوت دی ہے جسے انہوں نے قبول کیا ہے ،انشاء اللہ عید کے بعد ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور سعودی وزیر خارجہ کے دورہ پاکستان کے خدوخال طے کرنے کیلئے سعودی افسران کا وفد پاکستان تشریف لائے گا۔

انہوںنے کہاکہ مجموعی طور پر یہ دورہ سعودی عرب انتہائی سود مند رہا ہے ،ماہ رمضان کی برکتیں اس میں شامل تھیں اور یہ دورہ پاکستانیوں کے لیے بہت سی خوش خبریوں کی نوید ہو گا۔