اسرائیلی وزیراعظم کا غزہ پر مزید قوت کے ساتھ حملے کرنے کا اعلان

اسرائیلی فورسز نے حماس کیخلاف حملوں میں کمانڈرز اوراہم اہداف کو نشانہ بنایا، گزشتہ روز گرم دماغ نوجوانوں نے کچھ خلل ڈالا جس کو برداشت نہیں کیا جائےگا، اب ایسی ٹھیس پہچنے گی جس کی انہیں توقع بھی نہیں ہوگی۔ اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ منگل 11 مئی 2021 20:59

اسرائیلی وزیراعظم کا غزہ پر مزید قوت کے ساتھ حملے کرنے کا اعلان
یروشلم (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 11 مئی2021ء) اسرائیلی وزیراعظم نے غزہ پر مزید قوت کے ساتھ حملے کرنے کا اعلان کردیا ہے، نیتن یاہو نے کہا کہ اسرائیل ڈیفنس فورسز نے کل سے ابھی تک حماس کیخلاف سینکڑوں حملوں میں کمانڈرز اوراہم اہداف کو نشانہ بنایا، گزشتہ روز گرم دماغ نوجوانوں نے کچھ خلل ڈالا جس کو برداشت نہیں کیا جائےگا۔ تفصیلات کے مطابق اسرائیل کے نہتے فلسطینیوں پر مظالم اور بربریت کا سلسلہ جاری ہے۔

حملوں میں بچوں، خواتین اور فلسطینی شہریوں کو ظلم وتشدد بربریت کا نشانہ بنایا گیا، مسلم ممالک کی جانب سے اسرائیلی حملوں کی مذمت کی جارہی ہے اور اس کو دہشتگردی قرار دیا گیا ہے۔ پاکستان نے بھی ان حملوں کی شدید مذمت کی ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ اسرائیلی فوج نے مسجدالاقصیٰ میں بہت ظلم کیا، محمد بن سلمان کے ساتھ بھی فلسطین ایشو پر بات کی، تمام مسلمان ممالک کو فلسطین ایشو پر یکجا ہونا پڑےگا، پاکستان نے اسرائیلی مظالم کی بھرپور مذمت کی۔

(جاری ہے)

اسی طرح قائد حزب اختلاف اور صدر مسلم لیگ ن شہبازشریف فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کیلئے فلسطینی سفارتخانے گئے، جہاں پر انہوں نے فلسطینی سفیراحمد رافعی سے ملاقات کی، ملاقات میں فلسطینیوں پر اسرائیلی مظالم اور مسجدالاقصیٰ کی بے حرمتی کرنے پر فلسطینی بہن بھائیوں سے اظہار یکجہتی اور اسرائیلی مظالم کی مذمت کرتے ہیں۔شہبازشریف نے کہا کہ میں آج یہاں نوازشریف، عوام اور پارٹی کارکنان کے جذبات کے اظہار کیلئے آیا ہوں۔

فلسطین کے غیوراور بہادر عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہیں۔اسرائیلی دہشتگردی سے ہسپتال محفوظ ہیں اور نہ ہی عبادت گاہیں محفوظ ہیں۔ فلسطینیوں کو ان کے علاقوں سے بے دخل کیا جارہا ہے۔عالمی برادری، اقوام متحدہ ،سلامتی کونسل اسرائیلی مظالم کا فوری نوٹس لے۔انہوں نے کہا کہ اوآئی سی فلسطین کی موجودہ نازک صورتحال میں اپنی ذمہ داریاں پوری کرے۔

قائداعظم نے اسرائیل کو ناجائز ریاست قراردیا تھا اور اسے تسلیم نہیں کیا تھا۔پاکستان کی خارجہ پالیسی کی بنیاد قائداعظم کے فرمودات ہیں۔ دوسری جانب اسرائیل کی جانب سے فلسطین میں تشدد معصوم شہریوں پر دہشتگرد حملوں کا سلسلہ جاری ہے۔ مسلم امہ کے جذبات کو ٹھیس پہنچانے کے باوجود اسرائیلی وزیراعظم بین یامین نیتن یاہو نے اسرائیل ڈیفنس فورسز کے سدرن کمانڈ کا دورہ کیا اور صورتحال کا جائزہ لیا۔

نیتن یاہو نے اپنے ویڈیو بیان میں کہا کہ ہم ایک مہم جوئی کے بیچ میں ہیں۔اسرائیل ڈیفنس فورسز نے کل سے ابھی تک حماس کیخلاف سینکڑوں حملوں میں کمانڈرز اوراہم اہداف کو نشانہ بنایا، گزشتہ روز گرم دماغ نوجوانوں نے کچھ خلل ڈالا جس کو برداشت نہیں کیا جائےگا۔ فیصلہ کیا ہے۔ غزہ میں حماس کیخلاف حملوں رفتار اور قوت میں مزید اضافہ کریں گے۔ ان حملوں سے حماس کو ایسی ٹھیس پہنچے گی جس کی حماس نے توقع بھی نہیں کی ہوگی۔

امن وامان کو برقرار رکھنے کیلئے تمام اقدامات اٹھائیں گے۔ دریں اثناں اس کے ساتھ ساتھ اسرائیل اور فلسطینی عسکریت پسند تنظیم حماس کی جانب سے ایک دوسرے کے خلاف حملوں کے بعد دنیا کے مختلف ممالک کی جانب سے فریقین سے پرامن رہنے کی اپیلیں کی گئی ہیں۔ امریکہ، یورپی یونین اور برطانیہ نے فریقین پر زور دیا ہے کہ وہ جتنی جلدی ممکن ہو سکے کشیدگی کو کم کریں۔

خیال رہے کہ بیت المقدس میں اسرائیلی پولیس سے جھڑپوں میں پیر کے روز تک 300 سے زیادہ فلسطینیوں کے زخمی ہونے کے بعد غزہ سے اسرائیلی علاقے میں متعدد راکٹ داغے گئے جس کے بعد پیر کی شب اسرائیل کی جانب سے غزہ کی پٹی میں فضائی حملے کیے گئے۔فلسطین کے صحت حکام کے مطابق اسرائیل فضائی حملوں میں بچوں سمیت 22 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ اس کے برعکس اسرائیلی فوج کا دعویٰ ہے کہ ان حملوں میں حماس کے کم از کم 15 کارکن ہلاک ہوئے ہیں۔