یورپی یونین کیلئے پاکستانی برآمدات میں ایک ارب 10 کروڑ ڈالر کا اضافہ ہوگیا

برآمدی حجم سات ارب 47 کروڑ ڈالر سے تجاوز کر گیا، جولائی2020ء سے اپریل 2021ء کے درمیان یورپی یونین کے لئے پاکستانی برآمدات میں 17 اعشاریہ 4 فیصد اضافہ ہوا۔ مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد کا بیان

Sajid Ali ساجد علی بدھ 12 مئی 2021 18:28

اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 12 مئی 2021ء ) یورپی یونین کیلئے پاکستانی برآمدات میں ایک ارب 10 کروڑ ڈالر کا اضافہ ہوگیا ، وزیراعظم عمران خان کے مشیر برائے تجارت عبدالرزاق داؤد کہتے ہیں کہ رواں مالی سال کے 10 کے دوران یورپی یونین کے لئے پاکستانی برآمد میں ایک ارب 10 کروڑ ڈالر کا اضافہ ہوا ، برآمدی حجم سات ارب 47 کروڑ ڈالر سے تجاوز کر گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق اپنے ایک بیان میں انہوں نے بتایا کہ جولائی2020ء سے اپریل 2021ء کے درمیان یورپی یونین کے لئے پاکستانی برآمدات میں 17 اعشاریہ 4 فیصد اضافہ ہوا اس عرصے میں یورپی یونین کیلئے برآمدات 7 ارب 47 کروڑ 40 لاکھ ڈالر رہیں ، جب کہ گزشتہ سال اسی عرصے میں برآمدات 6 ارب 36 کروڑ 70لاکھ ڈالر تھیں۔ عبدالرزاق داؤد نے کہا کہ پولینڈ کیلئے پاکستانی برآمدات میں 23 فیصد، سویڈن کیلئے 21 فیصد، نیدرلینڈ 21 فیصد اضافہ ہوا، جرمنی کے لیے برآمدات 19 فیصد ، فرانس 14 ، بلجئیم 12اور اٹلی کے لیے پاکستان کی برآمدات 4 فیصد بڑھ چکی ہیں، 10 ماہ میں سپین کو برآمدات میں 2 فیصد اضافہ ہوا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ یورپی یونین پاکستان کیلئے ایک اہم مارکیٹ ہے، مشکل حالات میں برآمدات میں اضافے پر برآمد کنندگان کی کارکردگی قابل ستائش ہے، برآمد کنندگان کو سہولیات کی فراہمی پر ٹریڈ افسران کی کارکردگی بھی قابل تعریف ہے۔ دوسری طرف وزیر اعظم عمران خان کے مشیر برائے تجارت عبدالرزاق داوَد نے عید الفطر کی 6 چھٹیاں دینے پر اپنی ہی حکومت پر تنقید کردی ، میڈیا ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کااجلاس ہوا ، جس میں مشیرتجارت رزاق داوَد نے عیدالفطر کی 6 چھٹیاں دینے پر اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ عیدالفطرکی صرف 3 چھٹیاں دینی چاہئیں ، کیوں کہ 6 چھٹیاں ہونے سے ایکسپورٹرز کو مسائل کا سامنا کرنا پڑے گا ، جس پر وزیراعظم عمران خان نے عید کی چھٹیوں کے دوران ایکسپورٹرزکے مسائل حل کرنےکی ہدایت کردی۔