اسرائیلی حملے میں شہید 11 سالہ حمزہ کی مسکراتی تصویر وائرل

اسرائیل کی وحشیانہ بمباری کا سلسلہ نہ رک سکا اور شہید فلسطینیوں کی تعداد 43 ہو گئی، ذرائع

Danish Ahmad Ansari دانش احمد انصاری بدھ 12 مئی 2021 23:54

اسرائیلی حملے میں شہید 11 سالہ حمزہ کی مسکراتی تصویر وائرل
غزہ (اُردو پوائنٹ، اخبار تاز ہ ترین، 12 مئی 2021) غزہ پر اسرائیل کی وحشیانہ بمباری جاری، اسرائیلی حملے میں شہید 11 سالہ حمزہ کی مسکراتی تصویر وائرل۔ تفصیلات کے مطابق غزہ پر اسرائیل کی وحشیانہ بمباری کا سلسلہ نہ رک سکا اور شہید فلسطینیوں کی تعداد 43 ہو گئی جبکہ سیکڑوں افراد زخمی ہیں۔اسرائیلی فورسز کی جانب سے فلسطین میں رہائشی عمارتوں کو نشانہ بنایا گیا جس کے باعث درجنوں عمارتیں مٹی کا ڈھیر بن گئیں۔

اسرائیلی فوج کے حملوں میں اب تک 14 بچے بھی شہید ہوچکے ہیں جبکہ قدس نیوز نیٹ ورک نے غزہ میں اسرائیلی بمباری سے شہید ہونے والے 11 سالہ حمزہ کی تصویر شیئر کی ہے۔تصویر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ شہید 11 سالہ حمزہ کفن میں لپٹا مسکرا رہا ہے اور شہید بچے کے چہرے پر مسکراہٹ کے ساتھ ساتھ اطمینان بھی ہے۔

(جاری ہے)

حمزہ کی کفن میں لپٹی تصویر سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہورہی ہے اور سوشل میڈیا صارفین بھی اسرائیلی مظالم پر سیخ پا ہیں۔

پاکستان کے نامور سینیئر صحافی حامد میر نے بھی یہ تصویر ری ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ڈیئر حمزہ، ہمیں معاف کر دینا جب آپ پر بمباری ہو رہی تھی تو ہم صرف مذمتی بیانات جاری کر رہے تھے ہم آپ کیلئے کچھ نہ کر سکے۔واضح رہے کہ حماس کی جانب سے اسرائیل پر جوابی حملے میں 11 راکٹ داغے گئے تھے، جس کے بعد اسرائیلی وزیر دفاع نے جوابی حملوں کے مکمل رُکنے تک غزہ میں حملے جاری رکھنے کا اعلان کر دیا ہے۔

اسرائیلی وزیردفاع بینی گانٹس کے مطابق اسرائیلی فوج نے غزہ میں سیکڑوں اہداف کو نشانہ بنایا، حملوں میں سینیئر عسکریت پسند مارے گئے، حملوں کے لیے تمام ذرائع اور آپشنز ٹیبل پر موجود ہیں۔انہوں نے کہا کہ اسرائیلی فوج حملے جاری رکھے گی اور مکمل اور طویل المدتی خاموشی لائے گی، اس مقصد کے حاصل ہونے کے بعد ہی کشیدگی کم کرنے پر بات کرسکتے ہیں، فی الحال صورتحال معمول پر آنے کا کوئی وقت نہیں بتایا جاسکتا۔