پولیس نے میرے گھروں کو گھیر لیا ہے اور گرانا شروع کر دیا ہے

میں اپنی گرفتاری دینے جا رہا ہوں۔ سینئیر سیاستدان جاوید ہاشمی کا ویڈیو پیغام

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین پیر 17 مئی 2021 11:21

پولیس نے میرے گھروں کو گھیر لیا ہے اور گرانا شروع  کر دیا ہے
ملتان (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 17 مئی 2021ء) : مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں سینئیر سیاستدان جاوید ہاشمی نے کہا کہ پولیس نے میرے گھروں کو گھیر لیا ہے اور دیواریں بھی گرانا شروع کر دی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں اپنی گرفتاری پیش کرنے جا رہا ہوں- پوچھنے پر وجہ بھی نہیں بتا رہے۔ جاوید ہاشمی کی اس ویڈیو کے بعد سوشل میڈیا پر بحث کا ایک نیا سلسلہ شروع ہو گیا۔

سینئیر سیاستدان جاوید ہاشمی کی اس ویڈیو کو آپ بھی ملاحظہ کیجئیے:
یاد رہے کہ گذشتہ ہفتے مسلم لیگ ن میں واپسی کرنے والے رہنما جاوید ہاشمی کے بیانات سے مسلم لیگ ن ہی نے لاتعلقی کا اظہار کر دیا تھا۔ ترجمان پارٹی کی جانب سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری پیغام میں کہا گیا کہ جاوید ہاشمی کا قومی ادارے کے بارے میں بیان ان کی ذاتی رائے ہے - وہ پارٹی پالیسی کی ترجمانی نہیں کرتے - مسلم لیگ ن آئینی حکمرانی پر یقین رکھتی ہے اور اُمید کرتی ہے کہ تمام ادارے اپنی آئینی حدود میں رہ کر ملک کو مظبوط بنانے کے لئے کام کریں۔

(جاری ہے)

قبل ازیں سینئر سیاستدان مخدوم جاوید ہاشمی نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ اسٹیٹ بینک عوام کی جیب ہوتی ہے جسے آئی ایم ایف کے حوالے کیا جا رہا ہے ،ملک میں مہنگائی کا سیلاب آئے گا، لوگ خود کشیوں پر مجبور ہوں گے جبکہ عمران خان فقیر بادشاہ بنے ہوئے ہیں ،محترمہ بے نظیر بھٹو کو ڈیلنگ نہ کرنے کا مشورہ دیا تھا لیکن انہوں نے یہ زہریلا گھونٹ پیا جس سے ان کی پارٹی کی سیاسی موت ہوئی اور وہ سندھ تک محدود ہو کر رہ گئی ،زرداری ا س بات کا ادراک کریں حالات اب بھی ویسے ہی ہیں۔

پی ٹی آئی حکومت بلدیاتی اداروں کے حق میں نہیں ہے، ہمارا مطالبہ ہے کہ نئے قومی الیکشن کروائے جائیں۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار جہانیاں کی سیاسی و سماجی شخصیات سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا تھا۔ اس موقع پر چوہدری خلیل احمد گھمن،عابد خان پاندہ،حسنین اکرم جوگی،محمد عارف سعید ،قاسم ہاشمی بھی موجود تھے۔ مخدوم جاوید ہاشمی نے کہا کہ مجھے پتہ ہے جیلوں کے اندر کیا ہوتا ہے یہ ظالم لوگ جوکچھ کرتےہیں وہ میں بتا سکتا ہوں کیونکہ میرے ساتھ کیا ہے۔ انہوں نےجسمانی طورپرمجھے جتنا تشدد کیا ہےانہوں نےآنکھوں پہ پٹیاں باندھ کردیواروں کےساتھ میرےسرٹکرائے۔میری پوری چمڑی اتاردی تھی انہوں نے یہ سب کچھ فوجیوں کے دورمیں ہوا ہے۔