کویت کی جانب سے 10سال بعد پاکستان کیلئے ورک ویزا کا اجراء کر دیا گیا، فواد چوہدری

اچھی خبروں کا سلسلہ جاری ہے، اگلے 2 سالوں میں عمران خان کی قیادت میں ملک منزل تک پہنچ جائے گا، کویت کی جانب سے 10سال بعد پاکستان کیلئے ورک ویزا کے اجراء پر وفاقی وزیر فواد چوہدری کا رد عمل

Danish Ahmad Ansari دانش احمد انصاری منگل 1 جون 2021 20:31

کویت کی جانب سے 10سال بعد پاکستان کیلئے ورک ویزا کا اجراء کر دیا گیا، ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - 01 جون2021ء) اچھی خبروں کا سلسلہ جاری ہے، اگلے 2 سالوں میں عمران خان کی قیادت میں ملک منزل تک پہنچ جائے گا، کویت کی جانب سے 10سال بعد پاکستان کیلئے ورک ویزا کے اجراء پر وفاقی وزیر فواد چوہدری کا رد عمل سامنے آ گیا- تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات فواد چوہدری نے کہاہے کہ اچھی خبروں کا سلسلہ جاری ہے کویت نے دس سال بعد پاکستان کیلئے ورک ویزا کا اجراء شروع کر دیا ہے،ہمارے ہاں کراچی کے علاوہ تمام ملک میں کرونا کی شرح 4 فیصد سے بھی کم ہو گئی ہے،بجٹ میں تنخواہ دار طبقے کو بڑا ریلیف ملے گا،امید ہے اگلے دو سالوں میں عمران خان کی قیادت میں ملک منزل تک پہنچ جائے گا۔

اپنے بیان میں انہوں نے کہاکہ کرونا فرنٹ پر پاکستان کی ریکوری نے دنیا کو حیران کر دیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ بھارت سمیت خطے کیلے ممالک اس موذی مرض سے نبرد آزما ہیں، ہمارے ہاں کراچی کے علاوہ تمام ملک میں کرونا کی شرح 4 فیصد سے بھی کم ہو گئی ہے۔ انہوں نے کہاکہ بجٹ میں تنخواہ دار طبقے کو بڑا ریلیف ملے گا۔چوہدری فواد حسین نے کہاکہ ہمارے ہاں مہنگائی میں اضافہ تو ہوا ہے تاہم قوت خرید میں اضافہ بھی اسی شرح سے ہو رہا ہے جو خوش آئند ہے، امید ہے اگلے دو سالوں میں عمران خان کی قیادت میں ملک منزل کے قریب ہو گا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز وزیرداخلہ شیخ رشید احمد کی کویت کے وزیر اعظم صباح الخالد ال صباح سے ملاقات ہوئی تھی جس میں پاک کویت دوطرفہ تعلقات سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر گفتگو ہوئی۔ اس کے علاوہ وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کویتی وزیر اعظم سے ویزا بحالی پر بات چیت کی اور انہیں وزیر اعظم عمران کا خصوصی مراسلہ بھی پیش کیا۔اس موقع پر کویتی وزیراعظم نے پاکستان اور کویت کے درمیان فیملی اور بزنس ویزا فوری بحال کرنے کا اعلان کیا۔

اس کے علاوہ پاکستانی ورکرز کو معاہدے کے مطابق کویتی ویزا جاری کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا جب کہ میڈیکل اور آئل فیلڈ میں ٹیکنیکل ویزے پر بھی کوئی پابندی نہیں ہو گی۔ کویتی وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان اور کویت کے درمیان تعلقات 7 دہائیوں پر محیط ہیں، دونوں ممالک کے عوام کے درمیان پیار اور اعتماد کا رشتہ ہے۔اس موقع پر وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ تمام پاکستانی کویت کو اپنا دوسرا گھرسمجھتے ہیں، پاکستانی خاندانوں اور کاروباری طبقے کو کویتی ویزا بندش سے مسائل درپیش تھے۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی لیبر کا کویت کی ترقی میں بہت اہم کردار ہے، ورکرز ویزا بحال ہونے سے پاکستانیوں کیلئے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔