پاکستان اسٹیل کو کو چلانے کے لئے اپنا کردار ادا کریں، پاکستان اسٹیل انصاف لیبر یونین( سی بی اے ) کی آرمی چیف سے اپیل

آپ پاکستان اسٹیل کو تباہ کرنے والے عوامل کے خلاف کارروائی کرنے کے لئے حکومت وقت کو آگاہ کریں مزدور ہمہ وقت تیار ہیں ،اس ادارے کو چلا کر دکھائیں گے ۔امید ہے ادارے کو چلانے کے لئے اور مزدوروں کے خلاف ظلم و زیادتی کوبند کروائیں گے، ڈھیروں دعائیں حاصل کریں گے ،خط کا متن

جمعہ 4 جون 2021 21:23

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 04 جون2021ء) پاکستان اسٹیل انصاف لیبر یونین( سی بی اے ) نے پاکستان سٹیل کو درپیش مسائل کی طرف آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجو کی توجہ مبذول کراتے ہوئے درخواست کی ہے کہ وہ پاکستان اسٹیل کو تباہ کرنے والے عوامل کے خلاف کارروائی کرنے کے لئے حکومت وقت کو آگاہ کریں اور ادارے کو چلانے کے لئے اپنا کردار ادا کریں، مزدور ہمہ وقت تیار ہیں ،اس ادارے کو چلا کر دکھائیں گے ۔

امید ہے ادارے کو چلانے کے لئے اور مزدوروں کے خلاف ظلم و زیادتی کوبند کروائیں گے، ڈھیروں دعائیں حاصل کریں گے ۔ پاکستان اسٹیل انصاف لیبر یونین( سی بی اے ) کی طرف سے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجو ہ کے نام لکھے گئے خط کہا گیا ہے کہ 27 نومبر کو پاکستان اسٹیل سے 4544 ملازمین کو جبری برطرف کر دیا گیا ہے اور اس کام کے لئے پاکستان آرمی کے ریٹائرڈ فوجی افسران کو بھیجا گیا ہے تاکہ پاکستانی عوام میں فوج کی عزت کو مجروح کیا جا سکے اور ایسا ہی ہو رہا ہے جناب پاکستان اسٹیل ایک فولاد ساز ادارہ ہے اور پاکستان کو دفاعی طور پر مضبوط کرنے میں اس ادارے کا اہم کردار ہے جو کہ ہم سے زیادہ آپ کو معلوم ہو گا اس ادارے کو پرائیویٹ سیکٹر میں چلانا کسی بھی طور پر پاکستان کے مفاد میں نہیں ہو سکتا کیا ایٹمی پلانٹ کو پرائیویٹ سیکٹر میں دیا جا سکتا ہے اگر نہیں تو پھر پاکستان اسٹیل بھی پرائیویٹ سیکٹر میں دینا عقلمندی نہیں ہے ہم یہ سمجھتے ہیں کہ آپ کی مصروفیات اتنی زیادہ ہیں کہ آپ نے اس طرف توجہ ہی نہیں دی لہذا ہماری آپ سے گزارش ہے کہ اس ادارہ کی طرف تھوڑی سی توجہ دیں یہاں کے مزدور انتہائی جفاکش ہیں مٹی سے لوہا بنانے کا فن جانتے ہیں اس ادارے کو اگر نقصان ہوا ہے تو صرف کرپٹ مافیا اور نااہل انتظامیہ کی وجہ سے کرپشن کرنے والوں کو گرفتار کرنا حکومتی ذمہ داری تھی ناکہ ملازمین کی ۔

(جاری ہے)

ایسا بھی نہیں ہے کہ پاکستان اسٹیل کے تمام کارخانے ڈیپارٹمنٹ بند ہو گئے ہیں چل ہی نہیں سکتے لیکن مرمت کی ضرورت ہے ادارے کی گیس (ن )لیگ کی حکومت میں بند کی گئی کتنا بڑا جرم ہوا کہ پاکستان کے اس حساس ادارے کو نواز شریف کی حکومت نے تباہ کر دیا گیا لیکن اس کا مقدمہ کسی عدالت میں قائم نہیں کیا گیا جبکہ یہ عمل پاکستان کے ساتھ غداری کرنے کا عملی ثبوت ہے دوسری جانب اس ادارے کو پرائیویٹ سیکٹر میں دینا کرپٹ مافیا کے لئے ترنوالہ بنانے کے مترادف ہیں کیونکہ 2009 ء میں سپریم کورٹ نے ازخود نوٹس لیتے ہوئے پاکستان اسٹیل کی کرپشن کی تحقیقات کا حکم دیا تھا اور تین ماہ میں رپورٹ طلب کی تھی لیکن آج تک نہ تو رپورٹ جمع کرائی گئی اور نہ ہی اس پر سپریم کورٹ نے پلٹ کر پوچھا جبکہ یہاں پاکستان اسٹیل میں ایک ریٹائرڈ برگیڈیئر شجاع حسن اور ایک ریٹائرڈ کرنل اور ایک ریٹائرڈ کیپٹن بھیجے گئے ہیں جو کہ ایک نمبر کے کرپٹ اور عیاش اور ظالم قسم کے لوگ ہیں ۔

جس کی تحقیقات آپ اپنے ذریعے سے کرا سکتے ہیں انہی لوگوں کے لئے مزدوروں کے دلوں میں انتہائی نفرت پائی جاتی ہے کیونکہ یہ مزدوروں کو رہائشی کالونی سے بھی بے دخل کرنا چاہتے ہیں اور رینجرز کو استعمال کر رہے ہیں اور افواہیں پھیلائی جا رہی ہیں کہ اس کالونی کو فوجی چھاؤنی بنایا جائے گا ۔ ان تمام عوام سے لوگوں کے دلوں میں جو نفرت پیدا ہو رہی ہے کسی بھی طور پر پاکستان کی سالمیت کے لئے بہتر نہیں ہو گی اگر مزدور اپنی بے روزگاری گھروں سے بے دخلی اور بچوں کی تعلیم ختم ہونے پر احتجاج کرے اور رینجرز کو استعمال کیا جائے تو مجھ کو صرف یہ بتائیں کہ اگر رینجرز یا آرمی کی طرف سے کوئی ایکشن ہو گا تو بدنامی کس کی ہو گی ۔

اگر عوام ان اداروں کے خلاف اٹھ کھڑے ہوئے تو پھر یہ تمام باتیں شاہد آپ کو بری لگی لیکن بحیثیت ایک محب وطن پاکستانی ہونے کے ناطے میں آپ کے گوش گزار کر رہا ہوں اور امید کرتا ہوں آپ اس پر ایکشن لیں گے کیونکہ پورا پاکستان اس بات کو جانتا ہے کہ اگر اس ملک میں کسی کی بات سنی جاتی ہے تو صرف آپ ہیں جس کو سنا اور سمجھا جاتا ہے ۔ ہمارے بچوں کے کالونی میں موجود تمام اسکول ختم کر دیئے گئے ہیں ۔

میڈیکل کی سہولت ختم کر دی گئی ہے ۔ نوکریوں سے برطرف کیا جا رہا ہے کوئی ہماری سننے والا نہیں ہے ۔ لہذا آپ کو آگاہ کر رہے ہیں تاکہ شاید آپ ہمارے لئے کچھ کریں اور اس ادارے کو بچائیں اور ہم مزدوروں کی دعائیں حاصل کریں ۔لہذا ہماری آپ سے درخواست ہے کہ آپ پاکستان اسٹیل کو تباہ کرنے والے عوامل کے خلاف کارروائی کرنے کے لئے حکومت وقت کو آگاہ کریں اور ادارے کو چلانے کے لئے اپنا کردار ادا کریں اور ہم مزدور ہمہ وقت تیار ہیں ۔

انشاء الله اس ادارے کو چلا کر دکھائیں گے اور جو آپ کے ریٹائر لوگ یہاں پر بھیجے گئے ہیں ان کو فوری طور پر واپس بلائیں ۔ان کے خلاف تحقیقات کرکے ان کو اس کی سزا دی جائے کیونکہ پاکستان اسٹیل میں صرف ایک صوبے کے لوگ کام نہیں کرتے بلکہ پاکستان بھر کے لوگ اس ادارے سے وابستہ ہیں لہذا یہاں پر اچھے یا برے عمل کا اثر پورے پاکستان پر اثر انداز ہو گا ۔ جناب عالی ! ہم غریب محنت کشوں کا ساتھ دیں کیونکہ ہم غریب ہی نعرہ لگاتے ہیں پاک فوج زندہ باد لہذا آج ہم غریبوں کو اپنیپاک فوج کی مدد درکار ہے ۔ امید ہے کہ آپ ایک بہتر کردار ادا کریں گے ۔ اس ادارے کو چلانے کے لئے اور مزدوروں کے خلاف ظلم و زیادتی کوبند کروائیں گے اور ڈھیروں دعائیں حاصل کریں گے ۔ ۔