بجٹ: اپوزیشن حکومت کو ٹف ٹائم دینے کیلئے شہبازشریف کی ہدایت کی منتظر

پی ڈی ایم سربراہی اجلاس میں شہبازشریف کو بجٹ میں حکومت کو ٹف ٹائم دینے کا ٹاسک سونپا گیا، قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف نے تاحال اپوزیشن جماعتوں سے رابطے ہی نہیں کیے، بجٹ میں حکومت کو ٹف ٹائم دینے سے متعلق پی ڈی ایم کی حکمت عملی تیار نہ ہو سکی۔ ذرائع

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 10 جون 2021 13:09

اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 10 جون 2021ء ) نیا بجٹ آنے میں صرف ایک روز باقی ہے اور اپوزیشن حکومت کو ٹف ٹائم دینے کے لیے تاحال شہباز شریف کی ہدایت کی منتظر ہے۔ میڈیا ذرائع کے مطابق قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے تاحال اپوزیشن جماعتوں سے رابطے نہیں کیے ، جس کی وجہ سے بجٹ میں حکومت کو ٹف ٹائم دینے سے متعلق پی ڈی ایم کی حکمت عملی تیار نہیں ہو سکی۔

بتایا گیا ہے کہ اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد پی ڈی ایم کے سربراہی اجلاس میں شہبازشریف کو بجٹ میں حکومت کو ٹف ٹائم دینے کا ٹاسک سونپا گیا تھا تاہم بجٹ سے متعلق شہباز شریف نے تاحال پیپلزپارٹی سے بھی رابطہ نہیں کیا۔ خیال رہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بجٹ کی ناکامی کیلئے اپوزیشن لیڈر کو بڑی پیشکش کی تھی ، انہوں نے کہا ہے کہ بجٹ کی حد تک اپنے تمام اراکین قومی اسمبلی اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کے حوالے کرتا ہوں، شہباز شریف اپنا کام کریں اور حکومتی بجٹ روکیں ، زرداری ہاؤس اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ غربت اور بے روزگاری تاریخ کی انتہا کو پہنچ چکی ہے، عام آدمی کا دن گزشتہ روز سے زیادہ برا ہوتا ہے، ہمارے وزیراعظم کہتے ہیں ملک ترقی کر رہا ہے، ان کے اے ٹی ایمز کیلئے مشکل وقت ضرور ختم ہوا ہو گا، امید ہے بجٹ کے بعد آئی ایم ایف کے شکنجے سے نکل جائیں گے، ان لوگوں کوپتہ ہی نہیں پاکستان کے کیا حالات ہیں، شرح نمو کے دعوے حقیقت کے برعکس ہیں، آپ کشکول لے کر ہر ملک کیوں جا رہے ہیں، اب ہر ملک سے بھیک کیوں مانگ رہے ہیں؟آپ عرب ممالک جا کر بھیک کیوں مانگ رہے ہیں؟بجٹ پیش ہو گا تو دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو جائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ استعفیٰ دینا اور عدم اعتماد نہ لانا حکومتی سہولت کار بننے کے مترادف ہے ، 3 سال سے استعفوں کا سن رہے ہیں ، عوام کو اس میں کوئی دلچسپی نہیں ہے ، آسانی سے ہٹائی جانے والی بزدار حکومت کو اگر نہیں ہٹایا جارہا تو دال میں کچھ کالا ہے، کیوں کہ اپوزیشن عدم اعتماد لا کر عثمان بزدار کو ہٹا سکتی ہے، پنجاب اور لاہور کے جیالے وہ مجھ سے آپ سے بھی سخت سوال پوچھتے ہیں۔