بلوچستان: سکیورٹی فورسز کا خفتیہ اطلاعات پر آپریشن، 2 دہشت گرد واصل جہنم کردیے

آپریشن کے نتیجے میں دہشت گردوں سے بھاری مقدار میں اسلحہ اوربارود برآمد ہوا، فائرنگ کے تبادلے میں ایف سی کا بہادر سپاہی فدا الرحمان شہید ہوگیا۔ آئی ایس پی آر

Sajid Ali ساجد علی جمعہ 11 جون 2021 12:43

بلوچستان: سکیورٹی فورسز کا خفتیہ اطلاعات پر آپریشن، 2 دہشت گرد واصل ..
راولپنڈی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 11 جون2021ء ) صوبہ بلوچستان کےعلاقے ہلمرگ میں سیکیورٹی فورسز کے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر آپریشن کے نتیجے میں 2 دہشت گرد مارے گئے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سکیورٹی فورسز کی طرف سے کیے گئے آپریشن کے نتیجے میں دہشت گردوں سے بھاری مقدار میں اسلحہ اوربارود برآمد ہوا ، دہشت گرد شہریوں اور فورسز کے خلاف پرتشدد کارروائیوں میں ملوث تھے، فائرنگ کے تبادلے میں ایف سی کا بہادر سپاہی فدا الرحمان شہید ہوگیا، جس کا تعلق چترال کے علاقے مستوج سے بتایا گیا۔

اس سے پہلے صوبہ بلوچستان کے ضلع آواران میں بھی خفیہ آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں 10 دہشت گرد مارے گئے تھے ، ہلاک ہونے والے دہشتگرد سیکیورٹی فورسز پر فائرنگ میں ملوث تھے ، جب کہ اس سے قبل بلوچستان کے ایک اور علاقے کیچ میں سیکیورٹی فورسز نے خفیہ آپریشن کیا ، آپریشن کے دوران 2 دہشت گرد مارے گئے ، ہلاک دہشت گرد سیکیورٹی فورسز پر حملوں اور شہریوں کے قتل میں ملوث تھے۔

(جاری ہے)

دوسری طرف آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ دہشتگردوں کو امن کی کاوشوں کو سبوتاژ نہیں کرنے دیں گے، پاک فوج بلوچستان میں سماجی اقتصادی ترقی اور دیرپا امن کیلئے کاوشیں جاری رکھے گی ، پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کورہیڈ کوارٹرز کوئٹہ کا دورہ کیا ، جہاں کورکمانڈر کوئٹہ لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی نے آرمی چیف کا استقبال کیا، آرمی چیف کو سیکیورٹی صورتحال اور پیشہ ورانہ تیاریوں پر بریفنگ دی گئی ، آرمی چیف کو پاک فوج کے صوبائی حکومت کے ساتھ سماجی واقتصادی ترقی کے اقدامات سمیت پاک ایران اور پاک افغان بارڈر پر باڑ لگانے کے عمل پر بھی بریفنگ دی گئی۔

اس موقع پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ پاک فوج صوبے میں سماجی و اقتصادی ترقی اور دیرپا امن کیلئے کاوشیں جاری رکھے گی ، قیام امن کیلئے صوبائی حکومت کے ساتھ مزیدتعاون کیا جائے گا، دہشت گردوں کو امن کی کاوشوں کو سبوتاژ نہیں کرنے دیں گے ، آرمی چیف نے فوج کے افسران اور جوانوں کی انتھک کاوشوں اور بلند حوصلے کی بھی تعریف کی۔