عمران خان حکومت میں مہنگائی،غربت،بے روزگاری، لاقانونیت، پارلیمانی، سیاسی، جمہوری رسوائی اور گدھوں کی افزائش میں اضافہ ہوا، لیاقت بلوچ

! ایوب خان،ضیاء الحق، پرویزمشرف کے بعد پی ٹی آئی دور میں ایک بار پھر مٹھی بھر خاندان امیر تر اور معیشت پر بالادست ہو گئے،نائب امیر جماعت اسلامی

جمعہ 11 جون 2021 22:25

آ*لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 11 جون2021ء) نائب امیر جماعت اسلامی و سابق پارلیمانی لیڈرلیاقت بلوچ نے کہا کہ عمران خان حکومت میں مہنگائی،غربت،بے روزگاری، لاقانونیت، پارلیمانی، سیاسی، جمہوری رسوائی اور گدھوں کی افزائش میں اضافہ ہوا۔ ایوب خان،ضیاء الحق، پرویزمشرف کے بعد پی ٹی آئی دور میں ایک بار پھر مٹھی بھر خاندان امیر تر اور معیشت پر بالادست ہو گئے۔

قرضوں، کرپشن، سود اور بدعنوانیاں اقتصادی نظام کے لئے کینسر ہیں۔ ہمیشہ کی طرح ایڈہاک ازم، اسٹیٹس کو اور فراڈ اعداد و شمار کے ساتھ قوم کو دھوکے دیئے جا رہے ہیں۔ سود اور قرضوں کے سدباب کے لئے قومی حکمت عملی بنانا ہو گی۔لیاقت بلوچ نے کہا کہ جماعت اسلامی امانت،دیانت، سب کا احتساب اور لوٹ مار کی دولت کی واپسی کے ساتھ خودانحصاری، قومی وسائل کی منصفانہ تقسیم، وفاق اور صوبوں کے درمیان بااعتماد، منصفانہ نظام کے ساتھ اقتصادی بحرانوں سے نجات دلائے گی۔

(جاری ہے)

مشرف، زرداری، نواز کی پالیسیوں کو عمران خان نے جاری رکھ کر پوری قوم کو مایوس کیا ہے۔انتخابات سے پہلے قومی دولت کو من پسند ایم این ایز،ایم پی ایز پر لٹانا پرانے پاکستان کا ہی مکروہ کھیل ہے۔انہوں نے کہا کہ کلبھوشن کے لئے حکومتی این آراو ان خدشات کو مضبوط کررہا ہے کہ پی ٹی آئی حکومت کشمیر پرسودے بازی کی تکمیل کی طرف بڑھ رہی ہے۔خفیہ بنیادوں پر بھارت سے معاملات طے ہو رہے ہیں اور ظاہری طور پر عمران خان بڑھکوں،اعلانات کے ذریعے عوام کو گمراہ کر رہے ہیں۔

بدقسمتی ہے کہ مسلم لیگ اور پی پی پی بھی اس حکمت عملی پر خاموش حمایتی ہے،کشمیریوں سے دھوکہ اسرائیل کو بھی تسلیم کرنے پر مجبور کر دے گا۔لیاقت بلوچ کے ساتھ این اے 130 کے وفود نے غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ سے زندگی کی مشکلات کی دہائی دی اور کہا کہ بجلی، گیس، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ گھروں خاندانوں کو مایوسیوں اور محرومیوں کا شکار کر رہا ہے۔ مہنگائی کا عروج ملازمین اور پنشنرز کے لئے ناقابل برداشت بوجھ بن گیا ہے۔